سونے کی قیمت میں مزید ہزاروں روپے کا بڑا اضافہ، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟

عالمی ومقامی مارکیٹ میں اضافے کے بعد سونا عوام کی پہنچ سے مزید دور ہوگیا۔
شائع 11 مارچ 2026 03:48pm

پاکستان میں سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کا بڑا اضافہ ہوگیا، جہاں فی توسونا 3700 روپے اور 10 گرام سونا 3172 روپے مہنگا ہوا ہے۔

بدھ کے روز بھی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جب کہ چاندی کی قیمت مستحکم رہی۔

آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت 3700 روپے بڑھ کر 5 لاکھ 43 ہزار 262 روپے ہوگئی جب کہ 10 گرام سونا 3172 روپے اضافے سے 4 لاکھ 65 ہزار759 روپے کا ہوگیا ہے۔

اس کے علاوہ عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں فی اونس سونا 37 ڈالر اضافے کے بعد 5205 ڈالر پر پہنچ گیا۔

فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 9 ہزار 354 روپے کی سطح پر مستحکم رہیں، فی دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 8ہزار 019روپے کی سطح پر مستحکم رہیں۔

یاد رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے۔

سونے کو صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے، جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔

پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کر دی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔