کفایت شعاری مہم: قومی اسمبلی اراکین کے پروٹوکول کی تمام گاڑیاں گراؤنڈ کردی گئیں

سرکاری پٹرول کا استعمال بند، اضافی ڈرائیورز چھٹیوں پر، اسٹاف کا اوور ٹائم بھی معطل
شائع 11 مارچ 2026 09:34pm

قومی اسمبلی کے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے کفایت شعاری مہم کے تحت اپنے پاس موجود پروٹوکول نفری واپس کر دی، جبکہ سرکاری ڈرائیورز کو چھٹیوں پر بھیج دیا گیا۔ 

قومی اسمبلی میں اخراجات کم کرنے کے لیے کفایت شعاری مہم شروع کر دی گئی ہے جس کے تحت اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے مختلف اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق کفایت شعاری پالیسی کے تحت اراکین قومی اسمبلی کے پروٹوکول کے لیے مختص تمام گاڑیاں گراؤنڈ کر دی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی سرکاری پٹرول کے استعمال کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔

فیصلے کے تحت اضافی سرکاری ڈرائیورز کو عارضی طور پر چھٹیوں پر بھیج دیا گیا ہے جبکہ قومی اسمبلی کے عملے کا اوور ٹائم بھی فی الحال معطل کر دیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اراکین کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری پروٹوکول اور دیگر اخراجات کو محدود کریں تاکہ سرکاری وسائل کے استعمال میں کمی لائی جا سکے۔

ذرائع کے مطابق یہ اقدامات سرکاری اخراجات میں کمی اور وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔