والد کو 10 رمضان کے روز قرآن پاک پڑھتے ہوئے شہید کیا گیا: مجتبیٰ خامنہ ای

مجتبیٰ خامنہ ای نے والد کی شہادت پر قوم کو صبر، اتحاد اور اس مشکل وقت میں متحد رہنے کی اپیل کی ہے۔
شائع 13 مارچ 2026 11:33am

ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے اپنے پہلے آڈیو پیغام میں بتایا کہ ان کے والد اور سابق سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کو 10 رمضان کو شہید کیا گیا، وہ اس وقت قران پاک کی تلاوت کر رہے تھے۔

مجتبیٰ خامنہ ای نے خطاب میں کہا کہ والد کی شہادت ایسے نازک وقت میں ہوئی جب خطے میں کشیدگی اور جنگی صورتِ حال شدت اختیار کر رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس نقصان نے ایرانی قوم کو گہرے صدمے سے دوچار کیا ہے۔ نئے سپریم لیڈر نے عوام سے صبر اور اتحاد کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی، اور زور دیا کہ ملک کو اس مشکل گھڑی میں متحد رہنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنگ جاری رہے گی اور ایران اپنے شہداء کے خون کا بدلہ لے گا۔

نئے سپریم لیڈر نے واضح کیا کہ ایران اپنے دشمنوں کے خلاف ڈٹ کر کھڑا رہے گا اور کسی دباؤ کے آگے نہیں جھکے گا۔

واضح رہے کہ شہید آیت اللّٰہ علی خامنہ ای کئی دہائیوں تک ایران کے سیاسی اور مذہبی نظام کی سب سے بااثر شخصیت رہے ہیں، اور ان کی قیادت نے ایران کی داخلی اور خارجی پالیسیوں پر گہرا اثر ڈالا ہے۔