چین میں بزرگ خاتون کو ڈرانے والا انسان نما روبوٹ گرفتار
چین میں ایک انسان نما روبوٹ نے 70 سالہ خاتون کو اچانک ڈرا دیا، تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا ور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور روبوٹ کو اپنے ساتھ لے گئی۔
یہ حیران کن واقعہ گزشتہ ہفتے چین کے شہر ماکاؤ میں پیش آیا، جب خاتون سڑک پر چلتے ہوئے موبائل فون دیکھ رہی تھی۔ اچانک انہوں نے محسوس کیا کہ کوئی ان کے پیچھے چل رہا ہے اور جیسے ہی خاتون نے پیچھے مڑ کر دیکھا تو وہ بےحد خوفزدہ ہوگئیں، کیونکہ ان کے سامنے ایک روبوٹ کھڑا تھا۔
خاتون نے غصے میں روبوٹ سے کہا، ”تم نے میرا دل زور سے دھڑکا دیا! اتنے سارے کام ہیں کرنے کے، پھر یہ بلا وجہ کیوں کر رہے ہو؟ کیا تم پاگل ہو؟“
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ روبوٹ نے دونوں ہاتھ اوپر کیے اور خاتون اسے ڈانٹ رہی تھی۔ بعد میں دو پولیس افسر موقع پر پہنچے اور روبوٹ کو اپنے ساتھ لے گئے۔ نیویارک پوسٹ نے چائنا ماکاؤ پوسٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ خاتون اور روبوٹ کے درمیان کوئی جسمانی رابطہ نہیں ہوا، تاہم احتیاطاً خاتون کو اسپتال لے جایا گیا، جہاں معائنہ کے بعد انہیں جانے دیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق یہ روبوٹ ماکاؤ کے ایک تعلیمی مرکز کا تھا اور سڑک پر ”پروموشنل سرگرمیوں“ میں استعمال ہو رہا تھا۔
روبوٹ کو ایک پچاس سالہ شخص ریموٹ کے ذریعے چلا رہا تھا اور اس نے پولیس کو بتایا کہ وہ روبوٹ کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اسے ٹیسٹ کر رہا تھا۔ پولیس نے اسے خبردار کیا کہ راہگیروں کو ڈرانے یا خطرے میں ڈالنے سے گریز کریں۔
اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہو گئی اور صارفین نے مزاحیہ انداز میں روبوٹ کے ”گرفتار“ ہونے پر تبصرے کیے۔
یہ واقعہ ٹیکنالوجی کے تیز رفتار استعمال اور انسانی زندگی کے درمیان دلچسپ ٹکراؤ کی عکاسی بھی کرتا ہے، اور یہ سوال بھی اٹھاتا ہے کہ انسان ان خودکار روبوٹس سے کب اور کس حد تک عوامی جگہوں پر محفوظ رہ سکتے ہیں۔
















