ایران کا دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک اور ڈرون حملہ، فلائٹ آپریشن معطل

حملے کے بعد فیول ٹینکر سے دھواں اٹھنے لگا
شائع 16 مارچ 2026 08:50pm

ایران کا دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرایک اور ڈرون حملہ، حملے کے بعد ایک فیول ٹینکر سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا ہے، فلائٹ آپریشن فوری معطل کردیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مبینہ ڈرون حملے کے بعد فضا میں دھوئیں کے بڑے بادل اٹھتے دیکھے گئے ہیں۔ حملے کے نتیجے میں ایئرپورٹ کے احاطے میں موجود ایک فیول ٹینکر کو نقصان پہنچا جس کے بعد اس سے دھواں اٹھنے لگا۔

حکام نے صورتحال کے پیش نظر دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن فوری طور پر معطل کر دیا ہے جبکہ تاحکمِ ثانی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

اماراتی حکام کے مطابق ڈرون حملے کے نتیجے میں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ایک فیول ٹینک کو نقصان پہنچا جس سے آگ بھڑک اٹھی۔

دبئی میڈیا آفس بیان میں کہا کہ سول ڈیفنس کی ٹیموں نے ایئرپورٹ کے قریب واقع فیول ٹینک سے لگنے والی آگ پر قابو پا لیا ہے۔ حکام کے مطابق واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

بیان میں کہا گیا کہ احتیاطی اقدامات کے تحت دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بعض پروازوں کا رخ المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا گیا۔

دوسری جانب دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسافروں اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ایئرپورٹ پر پروازیں عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے، تاہم پروازوں کی بحالی کے وقت کے بارے میں فوری طور پر کچھ نہیں بتایا گیا۔

اسی دوران متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظبی میں بھی ایک واقعہ پیش آیا جہاں البہیان کے علاقے میں ایک میزائل شہری گاڑی پر آ گرا۔ ابو ظبی میڈیا آفس کے مطابق اس واقعے میں ایک فلسطینی شہری ہلاک ہو گیا۔

ادھر پیر کی صبح فجیرہ کے صنعتی علاقے میں بھی ڈرون حملے کے بعد آگ لگنے کی اطلاع ملی ہے۔ حکام کے مطابق سول ڈیفنس کی ٹیمیں آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں جبکہ اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔