ایران کسی بھی صورت سرنڈر نہیں کرے گا، مسعود پزشکیان کا دو ٹوک موقف

ایران کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی کارروائی کو برداشت نہیں کیا جائے گا: ایرانی صدر
شائع 17 مارچ 2026 08:52am

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف سخت مؤقف اپناتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایران کسی بھی صورت سرنڈر نہیں کرے گا اور اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں ایرانی صدر نے کہا کہ ایران نے موجودہ جنگ کا آغاز نہیں کیا، بلکہ اس پر جنگ مسلط کی گئی ہے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تک یہ واضح اور قابلِ اعتماد یقین دہانی نہیں کرائی جاتی کہ آئندہ ایران پر حملے نہیں ہوں گے، اس وقت تک جنگ کے خاتمے کی بات کرنا بے معنی ہے۔

صدر پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم اس کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی کارروائی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں قائم امریکی فوجی اڈوں کا استعمال فوری طور پر بند ہونا چاہیے، کیونکہ ان اڈوں کا مقصد ایران اور اس کے ہمسایہ ممالک کے درمیان تعلقات کو خراب کرنا ہے۔

ایرانی صدر نے مزید انکشاف کیا کہ اس حساس معاملے پر انہوں نے فرانس کے صدر ایمانویل میکرون سے بھی بات چیت کی ہے، جس میں خطے کی صورتحال اور ممکنہ حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔