پارس گیس فیلڈ پر حملے کے بعد ایران کا رات گئے اسرائیل کو بڑا جواب، کلسٹر میزائل برسا دیے
ایران نے حملوں کی نئی لہر کا آغاز کردیا، آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت حملوں کی 63 ویں لہر میں خطے میں امریکا سے منسلک تیل تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے کارروائی کو امریکی و اسرائیلی حملے میں شہید وزیرِ انٹیلی جنس اور دیگر انٹیلی جنس اہلکاروں کے نام منسوب کیا۔
پاسداران انقلاب نے بیان میں کہا وہ جنگ کو تیل کی تنصیبات تک پھیلانا نہیں چاہتا تھا اور نہ ہی دوست اور ہمسایہ ممالک کی معیشت کو نقصان پہنچانے کا ارادہ تھا، تاہم ایرانی توانائی تنصیبات پر حملوں کے بعد صورتحال ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔
بیان کے مطابق اپنے تنصیبات کے دفاع کے لیے امریکا اور امریکی شیئر ہولڈرز توانائی تنصیبات کو نشانہ بنانا ناگزیر ہو گیا ہے۔
ایران نے اسرائیل پر رات گئے کلسٹر میزائلوں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے جبکہ مغربی کنارے میں بھی جانی نقصان ہوا۔
ایران نے گیس فیلڈ پر اسرائیلی حملے کے بعد رات گئے اسرائیل پر بڑا جوابی حملہ کرتے ہوئے کلسٹر میزائل داغ دیے۔ خبر ایجنسی کے مطابق میزائل حملوں کے نتیجے میں ایک رہائشی عمارت منہدم ہوگئی، جس کے باعث ایک اسرائیلی ہلاک جب کہ پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق تل ابیب میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور شہر بھر میں سائرن بج اٹھے، جب کہ اسرائیلی دفاعی نظام فضا میں میزائلوں کو تباہ کرنے میں مصروف رہا۔
دوسری جانب مغربی کنارے میں میزائلوں کا ملبہ گرنے سے چار فلسطینی خواتین جاں بحق ہوگئیں، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی حملے کے بعد 25 ہزار ملین مکعب فٹ سے زائد ایرانی گیس کی پیداوار معطل ہو گئی، دنیا کی سب سے بڑی ساؤتھ پارس فیلڈ ایران اور قطر کی مشترکہ ملکیت ہے۔
اسرائیل کی جانب سے ایران کی گیس فیلڈ پر حملے اور اس کے جواب میں ایران کی قطر کی آئل ریفائنری کو نشانہ بنانے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایکس پر کہا کہ ایران کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ ایسے جارحانہ اقدامات صہیونی-امریکی دشمن اور اس کے حامیوں کے لیے کچھ حاصل نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو جائے گی اور ایسے بے قابو نتائج پیدا ہو سکتے ہیں جن کا دائرہ کار پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔
اُدھر عالمی منڈی میں برطانوی خام تیل کی قیمت 7 فیصد اضافے کے بعد 111 ڈالر فی بیرل ہوگئی جب کہ امریکی خام تیل کی قیمت میں 3.1 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد امریکی خام تیل کی نئی قیمت 99.3 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔











