صدر ٹرمپ کا آبنائے ہرمز کو کھولنے کے لیے ایران کو 48 گھنٹے کا الٹی میٹم

ایران نے مطالبات نہ مانے تو سب سے پہلے اس کے بڑے پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا جائے گا: ٹرمپ کی دھمکی
شائع 22 مارچ 2026 08:53am

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر ایران کو 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر اہم گزرگاہ کو فوری طور پر نہ کھولا گیا تو امریکا سخت کارروائی کرے گا۔

امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ٹروتھ سوشل پر کہا کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت کے لیے نہایت اہم ہے اور اس کی بندش کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے دھمکی دی کہ اگر ایران نے مطالبات نہ مانے تو سب سے پہلے ایران کے بڑے پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا جائے گا۔

صدر ٹرمپ نے امریکی اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے مزید دعویٰ کیا کہ امریکا ایران کو نقشے سے مٹا چکا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر جاری بیان میں کہا کہ امریکا ایران میں اپنے اہداف کئی ہفتے پہلے ہی حاصل کر چکا ہے۔

امریکی صدر کے مطابق ایرانی قیادت ختم ہو چکی ہے جبکہ ایران کی بحریہ اور فضائیہ بھی تباہ ہو چکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس اب دفاع کے لیے کچھ باقی نہیں بچا اور وہ معاہدہ کرنا چاہتا ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس وقت کسی معاہدے کے خواہاں نہیں۔

وہیں امریکی صدر کی دھمکیوں کے جواب میں ایران کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔

ایران کا کہنا ہے کہ اگر ٹرمپ نے ایسا کیا تو مشرق وسطیٰ میں امریکا کے توانائی انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنایا جائے گا۔

ایران کی جانب سے کہا گیا کہ اگر ٹرمپ نے ایران کے بجلی گھر کو نقصان پہنچایا تو ہم مشرق وسطیٰ میں امریکا کی تنصیبات پر حملے کریں گے۔