قطر میں ہیلی کاپٹر سمندر میں گر کر تباہ، عملے کی تلاش جاری
خلیجی ریاست قطر کے سمندری علاقے میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے بعد عملے کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
قطری حکومت کے مطابق اتوار کی صبح پیش آنے والے اس واقعے میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز کے دوران تکنیکی خرابی کا شکار ہوا، جس کے باعث وہ ریاستی سمندری حدود میں گر کر تباہ ہو گیا۔
قطر کی وزارتِ دفاع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ ہیلی کاپٹر کو دورانِ ڈیوٹی اچانک فنی خرابی پیش آئی، جس کے نتیجے میں یہ حادثہ رونما ہوا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ہیلی کاپٹر میں سوار عملے اور مسافروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب قطر کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ ریسکیو کارروائیوں کے لیے متعدد خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں، جو مختلف پہلوؤں سے تلاش کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔
حکام کی جانب سے تاحال یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ہیلی کاپٹر کہاں سے کہاں جا رہا تھا اور اس میں کتنے افراد سوار تھے۔
یاد رہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے آغاز کے بعد قطر کو بھی کئی حملوں کا سامنا رہا ہے، تاہم حکام نے اس ہیلی کاپٹر حادثے کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں کے بعد شروع ہونے والے تنازع سے جوڑنے سے گریز کیا ہے۔













