ایران کے برطانیہ کو میزائلوں سے نشانہ بنانے کے شواہد نہیں ملے: کیئر اسٹارمر
برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے برطانیہ کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں سے نشانہ بنانے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔
چینی میڈیا کے مطابق برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے پیر کے روز لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی ادارے مسلسل صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں اور اب تک ایسی کوئی اطلاعات نہیں کہ برطانیہ کو اس نوعیت کے خطرے کا سامنا ہے۔
کیئر اسٹارمر نے یہ بیان ان رپورٹس کے تناظر میں دیا جن میں کہا گیا تھا کہ ایران نے حالیہ دنوں میں بحر ہند میں واقع امریکی و برطانوی فوجی اڈے ڈیگو گارشیا کی جانب دو بیلسٹک میزائل داغے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ برطانوی حکومت کی اولین ترجیح ملکی مفادات کا تحفظ اور مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو کم کرنا ہے جب کہ صورت حال کو مزید بگڑنے سے بچانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے کسی بھی کوشش سے قبل محتاط حکمت عملی اور قابل عمل منصوبہ بندی ضروری ہے۔
کیئر اسٹارمر کے مطابق حکومت ایران سے پیدا ہونے والی کشیدگی کے باعث مہنگائی اور دیگر معاشی اثرات سے نمٹنے کے لیے بھی تمام ممکنہ اقدامات پر غور کر رہی ہے۔











