ٹی 20 کا فیصلہ کن میچ: جنوبی افریقا نے نیوزی لینڈ کو ہرا کر سیریز 2-3 سے جیت لی
جنوبی افریقا نے کرسٹ چرچ میں کھیلے گئے آخری ٹی20 میچ میں نیوزی لینڈ کو 33 رنز سے شکست دے کر سیریز 3-2 سے اپنے نام کر لی۔ کانر ایسٹرہوئزن کی جارحانہ نصف سنچری اور بولرز کی نپی تلی کارکردگی فتح کی بنیاد بنی۔
جنوبی افریقہ نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کو پانچویں اور فیصلہ کن ٹی20 میچ میں 33 رنز سے شکست دے کر سیریز 3-2 سے جیت لی۔
کرسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے، جو سیریز کا سب سے بڑا اسکور ثابت ہوا، اور بعد ازاں اپنے چھ بولرز پر مشتمل اٹیک کے ذریعے میزبان ٹیم کو 154 رنز تک محدود رکھا۔
جنوبی افریقا کی جانب سے کانر ایسٹرہوئزن نے ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 75 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جو ان کی مسلسل دوسری نصف سنچری تھی۔
انہوں نے اپنی اننگز میں 6 چھکے لگائے اور خاص طور پر آن سائیڈ پر شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 52 رنز اسی جانب اسکور کیے۔ روبن ہرمن نے بھی 39 رنز بنا کر اہم شراکت قائم کی، تاہم وہ اپنی اننگز کو بڑی اسکور میں تبدیل نہ کر سکے۔
ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ابتدا ہی سے دباؤ کا شکار رہی اور باقاعدہ وقفوں سے وکٹیں گنواتی رہی۔

میزبان ٹیم کی جانب سے کوئی بھی بیٹر نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا، جب کہ بہترین اسکور بیون جیکبز کے 36 رنز رہے۔ جمی نیشام اور جیکبز کے درمیان 52 رنز کی شراکت ہی واحد موقع تھا جب نیوزی لینڈ کچھ مزاحمت دکھا سکا، تاہم مجموعی طور پر ٹیم ہدف کے قریب بھی نہ پہنچ سکی۔
جنوبی افریقا کی بولنگ میں جیرالڈ کوئٹزی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کیں اور سب سے کم اکانومی ریٹ کے ساتھ سیریز کے نمایاں بولرز میں شامل رہے۔ اوٹنیل بارٹمین اور مارکو جانسن نے بھی اہم مواقع پر وکٹیں لے کر ٹیم کی جیت میں کردار ادا کیا۔
اس میچ میں فیلڈنگ کے دوران دونوں ٹیموں کی جانب سے مجموعی طور پر کئی کیچز ڈراپ ہوئے، جس سے مقابلہ کچھ حد تک بے ترتیب بھی رہا، تاہم جنوبی افریقہ نے اپنی بہتر بیٹنگ اور بولنگ کی بدولت سیریز اپنے نام کرنے میں کامیابی حاصل کی۔
















