تحریک انصاف کو راولپنڈی جلسے کی اجازت نہیں ملی، درخواست مسترد

این او سی جاری نہ کرنے کے حوالے سے پی ٹی آئی راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری کو باقاعدہ طور پرآگاہ کردیا گیا ہے۔
شائع 08 اپريل 2026 05:07pm

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لیاقت باغ میں جلسے کے لیے این او سی کی درخواست مسترد کردی ہے۔

این او سی جاری نہ کرنے کے حوالے سے پی ٹی آئی راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری عاقل خان کو باقاعدہ طور پرآگاہ کردیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنرراولپنڈی کے مطابق امن و امان کی موجودہ صورت حال اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظرڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں اس معاملے پر غورکیا گیا، جس میں موجودہ خطرے کے اسپیکٹرم کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا گیا کہ عوامی اجتماعات میں شرکا کے جان و مال کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

ڈی سی کے مطابق راولپنڈی میں دفعہ 144 بھی نافذ ہے، لیاقت باغ کی سیکیورٹی کلیئرنس کے لیے حفاظتی وسائل کی بڑے پیمانے پر تعیناتی حکومتی کفایت شعاری پالیسی کے تحت ممکن نہیں۔

انتظامیہ کے مطابق موجودہ حالات میں عوامی اجتماع کو محفوظ بنانے کے لیے ضروری انتظامی، لاجسٹک اور مالی ضروریات کو پورا کرنا ایک چیلنج ہے، اسی لیے ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے متفقہ فیصلے کی روشنی میں جلسے کے این او سی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔