سیکیورٹی کی کارروائی، بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے لیے جاسوسی میں ملوث 3 افراد گرفتار
پاکستان کے سیکیورٹی اداروں نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے لیے جاسوسی میں ملوث تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے، جنہیں بعد ازاں قانونی کارروائی مکمل ہونے پر سزائیں بھی سنا دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق نارووال، بہاولپور اور آزاد کشمیر کے ضلع نیلم سے ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ انہیں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے پھنسایا گیا، جہاں را سے منسلک خواتین نے دوستی، مالی فوائد اور دیگر مراعات کا جھانسا دے کر ان سے حساس معلومات حاصل کیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کو رقوم مختلف ذرائع سے فراہم کی جاتی رہیں، جن میں ایزی پیسہ، کرپٹو والٹس اور بینک اکاؤنٹس شامل ہیں۔
تفتیش کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ گرفتار افراد مسلسل بھارتی ایجنسی سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ساتھ رابطے میں تھے اور اہم معلومات شیئر کرتے رہے۔
حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس کے بعد قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے انہیں سزائیں سنائی گئیں۔
















