ایران میں ’رجیم چینج‘ ہونے تک مشن جاری رہے گا؛ موساد چیف نے اسرائیلی منصوبہ بتادیا

ایران جنگ کے دوران ’تہران کے قلب میں‘ کام کیا اور اسرائیلی فضائیہ کو درست انٹیلی جنس فراہم کی: موساد
شائع 14 اپريل 2026 08:46pm

اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ ڈیوڈ برنیا نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف حالیہ امریکی اسرائیلی جنگ کے باوجود تاحال ان کا مشن ختم نہیں ہوا ہے، ایران میں موساد کا مشن اس وقت تک مکمل نہیں ہوگا جب تک وہاں رجیم تبدیل نہیں ہو جاتی۔

اسرائیلی اخبار دی ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق اسرائیلی خفیہ ادارے موساد کے سربراہ ڈیوڈ برنیا نے ہولوکاسٹ کی یاد گاری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ ایران جنگ کے دوران موساد نے ’تہران کے قلب میں‘ کام کیا اور اسرائیلی فضائیہ کو درست انٹیلی جنس فراہم کی۔

موساد چیف ڈیوڈ بارنیا نے مزید بتایا کہ ہمارے ایجنٹس نے کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر ہی اسرائیلی فضائیہ نے ایران کی میزائل تنصیبات کو نشانہ بناکر تباہ کردیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے یہ دور تک مار کرنے والے خطرناک میزائل اسرائیل کی سالمیت اور خود مختاری کے لیے خطرہ بن سکتے تھے۔

ڈیوڈ برنیا نے کہا کہ یہ مشن فوری طور پر ختم ہونے کے لیے نہیں تھا بلکہ اسے طویل مدت کے لیے منصوبہ بندی کے تحت جاری رکھا جائے گا تاکہ تہران میں حملوں کے بعد بھی نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ جنگ ختم ہوتے ہی مشن مکمل ہو جائے گا، ایران میں رجیم چینج تک ہماری مہم جاری رہے گی اور تب ہی ہماری ذمہ داری ختم ہوگی۔

موساد چیف نے کہا کہ موساد کی ذمہ داری اس وقت ختم ہوگی ’جب یہ انتہا پسند حکومت تبدیل ہو جائے گی‘۔ ڈیوڈ برنیا کے مطابق ’ایران میں رجیم کی تبدیلی ہمارا مشن ہے، ہم کسی بھی ممکنہ وجودی خطرے کے سامنے خاموش نہیں رہیں گے‘۔