ہنگو میں پولیس اور ایف سی کا آپریشن: 7 دہشت گرد ہلاک، ایک پولیس جوان شہید

قریبی علاقوں سے مقامی لوگوں کی بڑی تعداد بھی چغہ پارٹیوں کی صورت میں پولیس کی مدد کے لیے میدان میں نکل آئی۔
شائع 16 اپريل 2026 08:38am

خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں پولیس اور فرنٹیئر کور (ایف سی) نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑا آپریشن مکمل کر لیا ہے جس کے نتیجے میں سات دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔

یہ معرکہ اس وقت شروع ہوا جب رات کی تاریکی میں دہشت گردوں نے سرکی پیالہ کے مقام پر پولیس چوکی کو نشانہ بنایا۔

چوکی پر تعینات جوانوں نے نہ صرف اس حملے کا دلیری سے مقابلہ کیا بلکہ قریبی علاقوں سے مقامی لوگوں کی بڑی تعداد بھی چغہ پارٹیوں کی صورت میں پولیس کی مدد کے لیے میدان میں نکل آئی۔

صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری اور فرنٹیئر کور کے دستوں نے فوری طور پر پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور دہشت گردوں کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کا آغاز کیا۔

پولیس ترجمان کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اس شدید جھڑپ میں سات دہشت گرد مارے گئے جبکہ دیگر ساتھی اپنے دو ٹھکانے لگائے گئے جنگجوؤں کی لاشیں چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔

اس آپریشن کے دوران پولیس کے ایک بہادر جوان حاجی عبدالمعصود نے ملک و قوم کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔

شہید اہلکار حاجی عبدالمعصود کی نمازِ جنازہ پولیس لائن ہنگو میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی ہے۔ اس موقع پر سکیورٹی فورسز کے اعلیٰ افسران اور جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ڈی پی او طارق حبیب اور ٹل سکاؤٹس کے رنگ کمانڈر کرنل لخکر نے شہید کے جسدِ خاکی پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ان کی قربانی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور عوام کے تعاون سے دشمن کے ہر وار کو ناکام بنایا جائے گا۔

مقامی لوگوں کی جانب سے پولیس کا ساتھ دینے کے عمل کو بھی سراہا گیا ہے جس نے دہشت گردوں کے حوصلے پست کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

پولیس اور ایف سی کا مشترکہ آپریشن اب مکمل ہو چکا ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن کے بعد صورتحال قابو میں بتائی جا رہی ہے۔