آزاد کشمیر انتخابات کی تیاریاں مکمل: میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں کل ووٹنگ ہوگی

انتخابات کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں
شائع 26 جولائ 2026 01:08pm

آزاد کشمیر کے میرپور ڈویژن میں عام انتخابات 2026 کے لیے پولنگ کل (27 جولائی) کو ہوگی۔ پولنگ کا عمل صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔

آزاد کشمیر کے میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میرپور، بھمبر اور کوٹلی کے 13 انتخابی حلقوں میں عام انتخابات کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جہاں کل ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ پولنگ کے لیے انتخابی سامان، بیلٹ پیپرز اور دیگر ضروری دستاویزات متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچا دی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق انتخابی سامان کی ترسیل کے دوران پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیتے رہے، جبکہ تمام پولنگ اسٹیشنز تک سامان کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

میرپور ڈویژن کے انتخابی حلقوں میں سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ میرپور ضلع کی چار، بھمبر ضلع کی تین اور کوٹلی ضلع کی چھ نشستوں پر امیدوار میدان میں ہیں۔

ان حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی مجموعی تعداد 14،01،439 ہے جن میں 7،25،118 مرد اور 6،75،628 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

میرپور ڈویژن میں مجموعی طور پر 2454 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جن میں ضلع میرپور کے 4 حلقوں میں 597، ضلع کوٹلی کے 6 حلقوں میں 1107 اور ضلع بھمبر کے 3 حلقوں میں 608 پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔

میرپور ڈویژن کے 13 حلقوں میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی سمیت مختلف جماعتوں اور آزاد حیثیت سے مجموعی طور پر 296 امیدوار میدان میں ہیں۔

 ایل اے3 میرپور، ایل اے 6 بھمبھر اور ایل اے 10 کوٹلی میں پیپلز پارٹی، ن لیگ اور استحکام پاکستان پارٹی میں سخت مقابلے کی توقع ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پولنگ کے روز امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ ووٹرز کو پرامن ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کریں اور پرامن ماحول برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔