اسٹائل اور نفاست کا بہترین امتزاج: خواتین کے لیے 2026 کی 5 بہترین گھڑیاں

2026 میں خواتین کی گھڑیوں کا رجحان تیزی سے بدل رہا ہے.
اپ ڈیٹ 23 اپريل 2026 03:54pm

اکثر کہا جاتا ہے کہ خواتین کے دل کی بات جاننا مشکل ہے، لیکن گھڑیوں کی عالمی صنعت کے ماہرین کا ماننا ہے کہ خواتین کی کلائی کی پسند کو سمجھنا بھی کسی معمہ سے کم نہیں۔ رواں ہفتے جنیوا میں ہونے والی ’واچز اینڈ ونڈرز 2026‘ نمائش نے ثابت کر دیا ہے کہ اب خواتین کے لیے گھڑی بنانے کا مطلب محض اسے ”چھوٹا اور گلابی“ کر دینا نہیں رہا۔

گھڑیوں کی سب سے بڑی نمائش ’واچز اینڈ ونڈرز‘ میں اس سال خواتین کے لیے ایسے شاہکار پیش کیے گئے ہیں، جس نے سب کی توجہ حاصل کر لی۔ یہ گھڑیاں محض وقت بتانے کا ذریعہ نہیں بلکہ شخصیت کی عکاسی اور بہترین سرمایہ کاری بھی ہیں۔

۔

ماہرین کے مطابق اب گھڑیوں کی دنیا میں خواتین کے لیے صرف خوبصورتی نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی، آرام دہ سائز اور ذاتی اسٹائل کو بھی اہمیت دی جا رہی ہے۔

2026 میں خواتین کے لیے ان 5 گھڑیوں کو سب سے زیادہ پرکشش قرار دیا جا رہا ہے:

بلغاری: آکٹو فنیسیمو 37 (الٹرا سلم ڈیزائن)

جب بلغاری نے 2014 میں مشہور زمانہ پتلی گھڑی ’آکٹو فنیسیمو‘ متعارف کروائی تو اس کی باریک ساخت اور طاقتور مکینزم نے سب کو حیران کر دیا تھا۔

اب 2026 میں اس کا نیا ورژن 37 ملی میٹر ڈائل کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، جو خواتین کی کلائی کے لیے زیادہ موزوں ہے۔ جدید ڈیزائن اور تین دن تک پاور ریزرو اسے ایک پُرکشش انتخاب بناتے ہیں۔

یہ ٹائٹینیم اور 18 کیرٹ سونے میں دستیاب ہے اور اتنی ہلکی ہے کہ کلائی پر محسوس تک نہیں ہوتی۔ یہ ان خواتین کے لیے بہترین ہے جو سادہ مگر ٹیکنالوجی سے لیس ڈیزائن پسند کرتی ہیں۔

کارٹئیر: بینوئر (پارٹی اسٹائل گھڑی)

کارٹئیر کی یہ گھڑی ایک زیور کی طرح ہے جسے چوڑی کے انداز میں پہنا جاتا ہے۔

2026 کے نئے ورژن میں اسے ہیروں سے سجایا گیا ہے جو اسے کسی بھی پارٹی یا تقریب کے لیے ایک قیمتی بریسلیٹ کا متبادل بنا دیتے ہیں۔ یہ گھڑی خاص طور پر ان خواتین کے لیے ہے جو جیولری اور گھڑی کو ایک ساتھ پہننا پسند کرتی ہیں۔

وان کلیف اینڈ آرپلز (ڈبل ٹائم فیچر)

یہ گھڑی ایک ساتھ دو مختلف ٹائم زون دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس کا ڈیزائن سادہ مگر نہایت خوبصورت ہے اور یہ خاص طور پر ان لوگوں کے لیے ہے جو اپنے پیاروں کے وقت سے جڑے رہنا چاہتے ہیں۔

اس کا گہرا سرخ رنگ اسے انتہائی دیدہ زیب بناتا ہے۔ اس پر فرانسیسی زبان میں ”یہاں کا وقت اور وہاں کا وقت“ کے الفاظ درج ہیں۔

رولیکس: اوسٹر پرپیچوئل ڈے ڈیٹ 40 (لگژری گولڈ واچ)

رولیکس نے اپنی سو سالہ تاریخ کے موقع پر ایک نیا سونا متعارف کرایا ہے جسے ’جوبلی گولڈ‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ گھڑی خوبصورتی اور شان و شوکت کی علامت بن کر سامنے آئی ہے۔

اس گھڑی میں ہلکے گلابی اور سرمئی شیڈز شامل ہیں۔ اس گھڑی کا سبز ڈائل اور ڈائمنڈ ڈیزائن اسے مزید پرکشش بناتا ہے۔ یہ ان خواتین کے لیے بہترین ہے جو لگژری اور منفرد اسٹائل چاہتی ہیں۔

مارلی نیویارک: ایل 35 (نیویارک سے متاثر ڈیزائن)

نیویارک کے اس برانڈ نے پہلی بار گھڑیوں کی دنیا میں قدم رکھا ہے اور سب کو حیران کر دیا ہے۔ یہ گھڑی جدید آرٹ اور سوئس ٹیکنالوجی کا امتزاج ہے، جس کے ڈائل میں منفرد جیومیٹرک پیٹرن اسے دوسروں سے الگ بناتے ہیں۔

سوئٹزرلینڈ میں تیار کردہ یہ گھڑیاں اپنی منفرد چمک اور ڈیزائن کی وجہ سے مشہور ہو رہی ہیں۔ یہ جدید دور کی ورکنگ ویمن کے لیے ایک بہترین انتخاب ہیں۔

آج کی ”لیڈیز واچ“ وہ نہیں جو اشتہارات میں دکھائی جائے، بلکہ وہ ہے جو ایک عورت اپنی شخصیت، ضرورت اور ذوق کے مطابق منتخب کرے۔ چاہے وہ ہیروں سے جڑا ایک چھوٹا سا شاہکار ہو یا جدید ٹیکنالوجی سے لیس ایک طاقتور مشین، 2026 کی کلائی اب کسی ایک خاص رنگ یا ڈیزائن کی قید میں نہیں ہے۔

جنیوا نمائش میں اس بار ایسی گھڑیاں بھی توجہ کا مرکز رہیں جو مرد اور خواتین دونوں کے لیے یکساں ڈیزائن کی گئی تھیں، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ اسٹائل کی اب کوئی سرحد نہیں۔