ٹرمپ کی برطانیہ کو ڈیجیٹل ٹیکس ختم نہ کرنے پر بھاری ٹیرف کی دھمکی

ٹرمپ نے دی ٹیلی گراف کو انٹرویو میں کہا کہ اگر برطانیہ نے یہ ٹیکس واپس نہ لیا تو وہ اُس پر بڑا ٹیرف لگا دیں گے
شائع 24 اپريل 2026 11:23am

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ کو خبردار کیا ہے کہ اگر وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے ڈیجیٹل سروس ٹیکس ختم نہ کیا تو وہ برطانیہ پر بڑا ٹیرف عائد کریں گے. برطانوی اخبار دی ٹیلی گراف نے جمعے کو صدر ٹرمپ کے ایک انٹرویو کے حوالے سے رپورٹ پیش کی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ٹرمپ نے دی ٹیلی گراف کو انٹرویو میں کہا کہ اگر برطانیہ نے یہ ٹیکس واپس نہ لیا تو وہ اُس پر بڑا ٹیرف لگا دیں گے۔

امریکی صدر کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکس امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو غیر منصفانہ طور پر نشانہ بناتا ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ مجھے یہ پسند نہیں جب وہ امریکی کمپنیوں کو نشانہ بناتے ہیں، کیونکہ آپ بنیادی طور پر ہماری امریکی کمپنیوں کی بات کر رہے ہیں اور یہ دنیا کی ٹاپ کمپنیاں ہیں۔

صدر ٹرمپ نے مزید کہان کہ ہم اس پر غور کر رہے ہیں، اور ہم اسے بہت آسانی سے ایک بڑے ٹیرف کے ذریعے حل کر سکتے ہیں۔ اس لیے برطانیہ کو محتاط رہنا چاہیے۔ اگر انہوں نے ٹیکس ختم نہ کیا تو ہم ممکنہ طور پر برطانیہ پر بڑا ٹیرف لگا دیں گے۔

رپورٹ کے مطابق برطانیہ نے 2020 میں 2 فیصد ڈیجیٹل سروس ٹیکس نافذ کیا تھا، جس پر نہ صرف ٹرمپ بلکہ ان کے پیشرو ڈیموکریٹ صدر جو بائیڈن نے بھی تنقید کی تھی۔

یہ ٹیکس ایپل، گوگل اور میٹا جیسی بڑی امریکی ٹیک کمپنیوں پر لاگو ہوتا ہے۔

ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب برطانیہ کے بادشاہ چارلس آئندہ ہفتے امریکا کے دورے پر جانے والے ہیں۔