امریکا میں فوڈ فیسٹیول کے دوران اندھا دھند فائرنگ، 3 افراد ہلاک

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک زخمی نے اسپتال میں دم توڑ گیا
شائع 27 جولائ 2026 12:04pm

امریکی شہر سیئٹل میں مشہور سیاحتی مقام اسپیس نیڈل کے قریب فوڈ فیسٹیول کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔ واقعہ اتوار کو پیش آیا جب شہر کے سیئٹل سینٹر میں سالانہ ”بائٹ آف سیئٹل“ فوڈ فیسٹیول جاری تھا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق شہر سیئٹل فائر ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ فائرنگ مقامی وقت کے مطابق شام تقریباً 6 بجے ہوئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک زخمی نے اسپتال میں دم توڑ گیا۔

سیئٹل کی میئر کیٹی ولسن نے بتایا کہ فائرنگ کے بعد ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سیئٹل پولیس کے ان اہلکاروں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کی اور ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا۔

سیئٹل پولیس کے اسسٹنٹ چیف ٹائرون ڈیوس کے مطابق ایک دوسرا مشتبہ شخص جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا ہے جسے تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں مشتبہ افراد ایک دوسرے پر فائرنگ کر رہے تھے۔

واقعے کے دوران کئی افراد نے اپنی جان بچانے کے لیے اسپیس نیڈل کے اندر پناہ لی۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ لوگ اسپیس نیڈل کی لابی میں زمین پر بیٹھے ہوئے ہیں اور ستونوں اور دکانوں کے سامان پیچھے چھپ کر خود کو محفوظ رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

حکام کے مطابق زخمیوں میں ایک دو سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ فائر ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ چار زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت مستحکم ہے، جبکہ ایک زخمی نے اسپتال جانے سے انکار کردیا۔

سیئٹل پولیس ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متاثرہ علاقے سے دور رہیں۔

اس کے علاوہ پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس واقعے سے متعلق ویڈیوز یا معلومات موجود ہوں تو وہ پولیس سے رابطہ کریں۔

واشنگٹن کے گورنر باب فرگوسن اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بے مقصد تشدد قرار دیا۔

گورنر باب فرگوسن نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ میری دعائیں متاثرین کے خاندانوں اور ان امدادی کارکنوں کے ساتھ ہیں جو لوگوں کو محفوظ رکھنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔