سائرہ یوسف کی سابق شوہر کی بیٹی سے والہانہ محبت نے مداحوں کے دل جیت لیے

'آپ جیسا بڑا دل کسی اور کا نہیں ہو سکتا'، سوشل میڈیا صارفین
اپ ڈیٹ 24 اپريل 2026 03:34pm

پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ سائرہ یوسف نے اپنی سالگرہ کے موقع پر اپنی بیٹی نورے شہروز اور سابق شوہر شہروز سبزواری اور صدف کنول کی بیٹی زہرا سبزواری کے ساتھ تصاویر شیئر کر کے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔

حال ہی میں اداکارہ نے اپنی سالگرہ گھر پر سادگی سے منائی، جہاں وہ اپنی بیٹی نورے شہروز کے ساتھ ساتھ زہرا شہروز کے ہمراہ بھی خوشگوار لمحات گزارتی نظر آئیں۔

انہوں نے یہ خوبصورت یادیں انسٹاگرام پر شیئر کیں، جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

سائرہ کی جانب سے چھوٹی زہرا کو اپنی خوشیوں کا حصہ بنانا اور اسے اپنی بیٹی کی طرح پیار دینا انٹرنیٹ صارفین کے لیے ایک متاثر کن پیغام بن گیا ہے۔

اس موقع پر ان کی تصاویر میں سب سے زیادہ توجہ ان کے اور چھوٹی زہرہ کے درمیان موجود خوبصورت بانڈنگ نے حاصل کی۔

سائرہ یوسف کی اس ”گریس“ کو مداحوں کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ سائرہ نے ثابت کر دیا ہے کہ انسانیت اور محبت تمام تلخیوں سے بالاتر ہوتی ہے۔

ایک صارف نے کمنٹ کیا: ”سائرہ، آپ جیسا بڑا دل کسی اور کا نہیں ہو سکتا۔“

کئی صارفین نے انہیں پاکستان شوبز کی سب سے باوقار خاتون قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شخصیت کا یہ پہلو دوسروں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

سائرہ یوسف نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور وی جے کیا تھا اور بہت جلد اپنی اداکاری کے ذریعے ڈرامہ انڈسٹری میں اپنی جگہ بنائی۔

وہ اپنے کام کے انتخاب میں نہایت محتاط رہتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان کا ہر پراجیکٹ مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جاتا ہے۔