بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل بابر اعظم سے متعلق اہم خبر سامنے آگئی
پاکستان کرکٹ ٹیم کو بنگلادیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل بڑا دھچکا لگ گیا ہے کیوں کہ قومی ٹیم کے اسٹار بلے باز بابر اعظم گھنٹے کی انجری کا شکار ہوکر پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابراعظم بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے آؤٹ ہوگئے ہیں، وہ گھٹنے کی انجری کی وجہ سے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا میڈیکل پینل بابر اعظم کی انجری کا جائزہ لے رہا ہے کہ آیا انجری کس نوعیت کی ہے، اس کے بعد ہی انہیں پریکٹس کی اجازت دی جائے گی جب کہ ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا کہ بابر اعظم پوری سیریز سے باہر ہوں گے یا نہیں۔
رپورٹس کے مطابق بابر اعظم پیر کو پی ایس ایل فائنل کے چند گھنٹوں بعد بنگلادیش پہنچے تھے اور دو روز تک ٹیم کے ساتھ پریکٹس بھی کرتے رہے تاہم جمعرات کی صبح انہیں بائیں گھٹنے میں درد محسوس ہوا، جس کے بعد میڈیکل ٹیم نے انہیں پہلے ٹیسٹ سے باہر کرنے کا فیصلہ کیا۔
بابر اعظم گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کا مستقل حصہ رہے ہیں۔ 2024 میں انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز میں انہیں ڈراپ کیا گیا تھا تاہم جلد ہی دوبارہ ٹیم میں شامل کر لیا گیا تھا۔ یہ جنوری 2021 کے بعد پہلا موقع ہوگا جب بابر اعظم پاکستان کا کوئی بیرون ملک ٹیسٹ میچ نہیں کھیلیں گے۔
بابر اعظم کی عدم دستیابی پاکستان ٹیم کے لیے بڑا نقصان تصور کی جا رہی ہے کیوں کہ وہ ٹیم کے اہم ترین بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں۔ شائقین کرکٹ بھی قومی ٹیم کے اسٹار بیٹر کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔
ان کی عدم موجودگی میں پاکستان کی مڈل آرڈر بیٹنگ میں خلا پیدا ہوگیا ہے، جسے پُر کرنے کے لیے ممکنہ طور پر کسی نئے کھلاڑی کو موقع دیا جائے گا۔ امام الحق، شان مسعود اور اذان اویس یا عبداللہ فضل ٹاپ آرڈر کا حصہ بن سکتے ہیں جب کہ محمد رضوان یا سعود شکیل کو اوپر بیٹنگ کرائی جا سکتی ہے۔
موجودہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل میں پاکستان کی یہ پہلی غیر ملکی ٹیسٹ سیریز ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز میں دو ٹیسٹ میچز کھیلے تھے، جن میں ایک میں کامیابی اور ایک میں شکست ہوئی تھی جب کہ گزشتہ ٹیسٹ سیریز میں بنگلادیش نے پاکستان کو اس کی سرزمین پر 0-2 سے شکست دے کر تاریخ رقم کی تھی۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 2 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ کل 8 مئی سے میر پور ڈھاکا کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا جب کہ سیریز کا دوسرا میچ 16 مئی سے سہلٹ میں کھیلا جائے گا۔
اس حوالے سے پاکستانی کپتان شان مسعود کا کہنا ہےکہ ٹیسٹ کےلیے تیار پچ فاسٹ بولرز کے لیے موزوں نظر آرہی ہے، پلیئنگ الیون کا فیصلہ پچ کا آخری جائزہ لینے کے بعد کریں گے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں بابر اعظم نے پہلی بار بطور کپتان پی ایس ایل جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں، ان کی قیادت میں پشاور زلمی نے اپنا دوسرا پی ایس ایل ٹائٹل جیتا ہے۔
بابر اعظم نے پاکستان سپر لیگ 11 میں سب سے زیادہ 588 رنز سکور کیے تھے، جن میں 2 سینچریاں بھی شامل تھیں۔















