ہمارے سپوتوں نے بھارت کو ایسا جواب دیا کہ اسے جان کے لالے پڑ گئے: وزیراعظم

آپریشن بنیان مرصوص معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
شائع 10 مئ 2026 08:40pm

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دشمن کے تاریکی میں کیے حملے کا تاریخی جواب دیا، معرکہ حق کا خلاصہ اتنا ہےکہ ہر طرف ہمارے شاہینوں کا غلبہ تھا اور دشمن کے جہازوں کا ملبہ تھا، ہمارے سپوتوں نے دشمن بھارت کو ایسا جواب دیا کہ اسے جان کے لالے پڑ گئے، شاہینوں کی جرات اور فتح میزائل کے نشانے نے دشمن کو چاروں شانے چت کردیا، پاکستان کے سچ کے بیانیے کی فتح ہوئی۔

آپریشن بنیان مرصوص معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر افواج پاکستان کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہبازشریف سمیت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور مسلح افواج کے سربراہان  شریک ہوئے۔ تقریب میں اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور  وفاقی وزرا کے علاوہ مختلف ممالک کے سفیر، سول اور عسکری حکام، شہدا کے لواحقین بھی شریک ہوئے۔

تقریب کے آغاز  پر قومی ترانہ بجایا گیا اور تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ کیا اور سلامی پیش کی جب کہ وزیراعظم کی اپیل پر تقریب میں مادروطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔

تقریب کے دوران نامور فنکاروں نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ پیش کرتے ہوئے تاریخی اور کامیاب فتح پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ معرکہ حق میں شاندار کامیابی پر اللہ کے شکر گزار ہیں، شاندار فتح پر اللہ کی بارگاہ میں سجدہ شکر بجا لاتے ہیں، شہدا نے وطن عزیز کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، مادر وطن کے تحفظ کے لیے جام شہادت نوش کرنے والوں کو خراج  عقیدت  پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر بھارت نے بے بنیاد الزام لگائے، ہم نے دشمن کو ہر قسم کی مہم جوئی کے انجام سے آگاہ کیا تھا، ہم نے واقعے کی ہرطرح کی تحقیقات کی پیشکش بھی کی تھی، بھارت نے پیشکش کے جواب میں جارحیت کا راستہ اختیار کیا، ہمارے سپوتوں نے دشمن بھارت کو ایسا جواب دیا کہ اسے جان کے لالے پڑ گئے، ہر طرف ہمارے شاہینوں کا غلبہ تھا اور دشمن کے طیاروں کا ملبہ تھا، دشمن جنگ بندی کی درخواست پر مجبور ہوگیا۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ایک سال گزرنے کے باوجود بھارت آج تک کوئی ثبوت پیش نہ کرسکا، میں 10 مئی کو یوم معرکہ حق کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کرتا ہوں، یوم معرکہ حق ہرسال بھرپور جوش وجذبے سے منایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وطن کے شہدا، ان کے اہلخانہ اور عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، بہادر مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، میں اور پوری قوم فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سلام پیش کرتے ہیں، ایئرچیف مارشل ظہیراحمد بابر کا ذکر نہ کروں تو تاریخ ادھوری رہےگی، ہماری فضائیہ نے دشمن کے دعوؤں کا پول کھول دیا، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور بحریہ کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،  معرکہ حق میں 24 کروڑ عوام اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کے کھڑے رہے۔

ایران جنگ میں ثالثی کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ ساتھ دینے پر برادر اور دوست ممالک کا شکریہ ادا کرتا ہوں، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے جنگ کےخاتمے کے لیے کردارادا کیا، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، ترک صدر طیب اردوان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، چین کے صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کا بھی شکریہ جنہوں نے معرکہ حق میں سیاسی،سفارتی اور اخلاتی حمایت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ برادر ہمسایہ ملک ایران میں امن قائم کرنے کے لیے پاکستان اپنی صلاحیتیں  بروئے کار لارہا ہے، ہم نے 1979 کے بعد انہیں مذاکرات پر لانے میں اہم کردار ادا کیا، فیلڈ مارشل نے ابھی بتایا کہ ایران کا جواب موصول ہوگیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان  ہمیشہ مظلوم اقوام کے حقوق  اور  انصاف کے لیے توانا  آواز بن کرکھڑا ہوا ہے، پاکستان نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے لیے ہر سطح پر آواز بلندکی ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دیں، پاکستان سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ہمارے جوان بے مثال قربانیاں پیش کر رہے ہیں، نوجوان ہی ہمارا سب سے بڑا قیمتی اثاثہ ہیں، فتنہ الخوارج اورفتنہ الہندوستان کوختم کرکےدم لیں گے۔

صدر مملکت

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ بھارت نے بلااشتعال جارحیت کی، پاک فوج اور فضائیہ نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ملک کا بہادری سے دفاع اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا، پاکستان کی فضائیہ نے دشمن کے 8 طیارے مار گرائے۔

آصف زرداری نے کہا کہ بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر مسلح افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے صدر مملکت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان ہمیشہ امن کا داعی رہا ہے، اور عالمی امن کے لیے اہم اقدامات کیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 10 مئی ملکی تاریخ کا روشن باب ہے، پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد ہم پر جارحیت مسلط کی گئی، بھارت نے اپنی عوام کو گمراہ کرتے ہوئے جارحیت کا راستہ اپنایا، بھارتی جارحیت پر پاکستانی جواب تاریخ کا سنہری باب ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیر پر قبضہ کررکھا ہے، بھارت نے سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ معطل کیا، بھارت دہشت گردی کے لیے افغانستان کو استعمال کررہا ہے، افغانستان اپنی زمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے، امریکا، ایران تنازعے کا پرامن حل چاہتے ہیں۔