منشیات کی ملکہ ’پنکی‘ کراچی پولیس کے نرغے میں آگئی
کراچی پولیس اور وفاقی ادارے نے ایک مشترکہ اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے ملک بھر میں منشیات کا وسیع جال پھیلانے والی بدنام زمانہ ڈرگ لارڈ انمول عرف پنکی کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ اہم گرفتاری کراچی کے علاقے گارڈن سے عمل میں لائی گئی ہے۔ جہاں سے ملزمہ نہ صرف منشیات فروشی کے ایک منظم نیٹ ورک کی سربراہی کر رہی تھی بلکہ وہ درجنوں مقدمات میں پولیس کو انتہائی مطلوب اور عرصے سے مفرور بھی تھی۔
پولیس حکام نے بتایا ہے کہ ملزمہ کے قبضے سے ایک پستول، گولیاں اور کروڑوں روپے مالیت کی اعلیٰ معیار کی منشیات برآمد ہوئی ہے۔
انمول عرف پنکی کا نیٹ ورک اتنا وسیع تھا کہ وہ منشیات کی سپلائی کے لیے خواتین رائڈرز کا استعمال کرتی تھی تاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نظروں سے بچا جا سکے۔
پولیس ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ملزمہ کے خریداروں میں صرف عام لوگ ہی نہیں بلکہ تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات اور بعض اہم شخصیات بھی شامل ہیں جنہیں وہ باقاعدگی سے منشیات فراہم کر رہی تھی۔
تحقیقات کے مطابق ملزمہ 10 سے زائد سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھی اور اس کی گرفتاری کو منشیات فروشوں کے خلاف ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے خلاف نئے مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور اس سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ اس کے نیٹ ورک سے جڑے دیگر کارندوں اور اسے پناہ دینے والے افراد تک پہنچا جا سکے۔
حکام کا ماننا ہے کہ اس گرفتاری سے شہر میں منشیات کی سپلائی لائن کو بڑا دھچکا لگے گا۔















