کراچی اور لاہور کے فنکاروں کا جھگڑا شروع، شان شاہد کی بڑے اداکاروں پر کڑی تنقید
پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شان شاہد نے کراچی کے نامور اداکاروں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے فلمی دنیا میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
پاکستانی فلم انڈسٹری میں لاہور (لالی وڈ) اور کراچی کے فلم سازوں کے درمیان اختلافات اور سرد جنگ کوئی نئی بات نہیں۔ شان شاہد طویل عرصے سے اس مؤقف پر قائم ہیں کہ کراچی کی فلم انڈسٹری کو لاہور کے تجربہ کار فنکاروں اور ٹیکنیشنز کو زیادہ اہمیت دینی چاہیے۔
اپنی نئی فلم ”سائیکو“ کی تشہیری مہم کے سلسلے میں شان شاہد لاہور سے کراچی پہنچے، جہاں فلم کا ٹریلر لانچ کیا گیا۔ اس اہم تقریب میں کراچی سے تعلق رکھنے والے بڑے فلمی ستارے، جیسے ہمایوں سعید اورفہد مصطفٰی شریک نہ ہوئے، جس پر صحافیوں نے شان شاہد سے سوال کیا۔
صحافیوں نے پوچھا کہ کراچی کے معروف اداکاروں کی جانب سے اس سرد مہری اور عدم تعاون کی کیا وجہ ہے؟ اس پر شان شاہد نے نرم لہجے میں سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے کچھ اداکار اپنی ایک محدود دنیا میں مگن ہیں، جہاں وہ صرف اپنے دوستوں اور جاننے والوں کے ساتھ کام کرنا پسند کرتے ہیں۔
شان شاہد کے بقول ’اصل اداکار وہ ہوتا ہے جو مختلف لوگوں کے ساتھ کام کرے اور خود کو چیلنج کرے۔ میں نے ہمیشہ ایسے لوگوں کے ساتھ کام کیا جن سے میں کچھ سیکھ سکوں اور میں نے سیکھنے میں کبھی شرم محسوس نہیں کی۔ شاید کراچی کے یہ اداکار سیکھنا نہیں چاہتے۔‘
انہوں نے مزید کہا، ’دس سال تک کراچی کو میری ضرورت محسوس نہیں ہوئی، اس لیے انہوں نے مجھے نہیں بلایا۔ لیکن جب بھی انہوں نے مجھے بلایا، میں ضرور آؤں گا۔‘
اپنی گفتگو کے دوران انہوں نے ایک فلسفیانہ انداز اپناتے ہوئے کہا، ’آج دنیا کے بڑے بڑے لوگوں، حتیٰ کہ سکندرِ اعظم کی قبر کا بھی کسی کو علم نہیں۔ بڑا انسان وہ ہوتا ہے جو وقت آنے پر چھوٹا بن جائے، نہ کہ ہمیشہ بڑا بن کر رہے۔‘
شان شاہد نے مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان اداکاروں کو بھارت سے کام کی دعوت ملے تو وہ فوراً کہتے ہیں کہ ’فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی‘، لیکن جب لاہور کے فنکاروں کی بات آتی ہے تو اچانک سرحدیں یاد آجاتی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ کراچی میں ہونے والے اچھے کام کو سراہتے ہیں، لیکن ان کے مطابق یہاں کے بعض اداکار دوسروں کو خوش آمدید کہنے اور کھلے دل سے قبول کرنے میں کنجوسی سے کام لیتے ہیں۔
ان کا ماننا ہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کی ترقی کے لیے تمام شہروں اور علاقوں کے فنکاروں کو مل کر کام کرنا ہوگا، کیونکہ اس قسم کا رویہ انڈسٹری کی ترقی میں رکاوٹ بنتا ہے۔
دوسری جانب کراچی کے اداکاروں یا ان کے نمائندوں کی جانب سے تاحال اس تنقید پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ شان شاہد اردو اور پنجابی زبانوں میں 700 سے زائد فلموں میں اداکاری کر چکے ہیں اور ان کی مقبولیت آج بھی برقرار ہے۔
شان شاہد کی حال ہی میں عیدالفطر پر ریلیز ہونے والی فلم ”بلھا“ نے باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کی، جبکہ اب وہ عیدالاضحیٰ پر اپنی نئی فلم ”سائیکو“ کے ساتھ سینما گھروں میں دھوم مچانے کے لیے تیار ہیں۔
















