کراچی کے تاجروں کو دوبارہ بھتے کی پرچیاں ملنے لگیں

نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں بھتہ خور سرگرم، پولیس سے رابطے پر باپ بیٹے کو قتل کرنے کی دھمکیاں
شائع 21 مئ 2026 01:02pm

کراچی میں ایک بار پھر تاجر برادری بھتہ خوروں کے نشانے پر آ گئی۔ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں مختلف تاجروں کو بھتے کی پرچیاں موصول ہونے کے بعد خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ ملزمان نے رقم نہ دینے اور پولیس سے رابطہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔

کراچی کے ضلع سینٹرل میں بھتہ خوری کے واقعات میں تشویشناک اضافہ سامنے آیا ہے، جہاں نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں تاجروں کو بھتے کی پرچیاں موصول ہوئیں۔

پولیس کے مطابق مٹھائی کے کاروبار سے وابستہ تاجر بلال سے 10 لاکھ روپے جبکہ سگریٹ کے کاروبار سے منسلک تاجر صادق سے 15 لاکھ روپے بھتہ طلب کیا گیا ہے۔

دونوں واقعات کے مقدمات نیو کراچی انڈسٹریل ایریا تھانے میں درج کر لیے گئے ہیں جبکہ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق 17 مئی کی رات ایک نامعلوم شخص دکان پر بھتے کا لفافہ دے کر فرار ہوگیا۔ لفافے میں 10 لاکھ روپے بھتہ طلب کرنے کی پرچی موجود تھی، جس میں تاجر کو دھمکی دی گئی کہ اگر زندگی عزیز ہے تو رقم 4K چورنگی پر پہنچا دی جائے۔

دوسری واردات میں ایک نامعلوم خاتون دکان پر پہنچی اور بھتے کی پرچی دے کر فوری طور پر فرار ہوگئی۔ اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، جو آج نیوز نے حاصل کر لی۔

فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مرد اور خاتون موٹر سائیکل پر دکان کے قریب پہنچتے ہیں، جس کے بعد خاتون اتر کر دکان میں داخل ہوتی ہے اور پرچی دے کر واپس موٹر سائیکل پر سوار ہو کر فرار ہوجاتی ہے۔

بھتہ خوروں کی جانب سے تاجر صادق سے 15 لاکھ روپے طلب کیے گئے جبکہ پرچی میں دھمکی دی گئی کہ اگر پولیس یا کسی اور سے رابطہ کیا گیا تو باپ بیٹے کو قتل کر دیا جائے گا۔

پے در پے بھتہ خوری کے واقعات کے بعد نیو کراچی انڈسٹریل ایریا کے تاجروں میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کیلئے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات جاری ہیں۔