برطانیہ کے ریڈیو نے بادشاہ چارلس کو غلطی سے ’مردہ‘ قرار دے دیا
برطانوی ریڈیو کی بڑی غلطی، کنگ چارلس کو مردہ قرار دے دیا گیا، برطانیہ کے معروف ریڈیو اسٹیشن ریڈیو کیرولائن کی ایک سنگین تکنیکی غلطی نے ملک بھر میں ہلچل مچا دی، جب نشریات کے دوران اچانک برطانوی بادشاہ کنگ چارلس سوم کی موت کا اعلان نشر کردیا گیا۔
برطانوی اخبار دی گارجین کے مطابق یہ واقعہ منگل کے روز پیش آیا، جب کنگ چارلس اور ملکہ کومیلا شمالی آئرلینڈ کے سرکاری دورے پر موجود تھے اور مختلف تقریبات میں شرکت کر رہے تھے۔
اچانک نشر ہونے والے اس اعلان نے عوام اور شاہی خاندان سے وابستہ حلقوں کو شدید تشویش میں مبتلا کر دیا۔ صورتحال اس وقت مزید سنجیدہ محسوس ہوئی جب خبر نشر ہونے کے فوراً بعد ریڈیو اسٹیشن کی نشریات بھی کچھ دیر کے لیے بند ہوگئیں۔
بعد ازاں ریڈیو اسٹیشن کے منیجر پیٹر مور نے سوشل میڈیا پر وضاحت دیتے ہوئے بتایا کہ یہ سب اسٹوڈیو کے کمپیوٹر سسٹم میں آنے والی تکنیکی خرابی کے باعث ہوا۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے تمام ریڈیو اسٹیشنز کے پاس بادشاہ یا ملکہ کے انتقال کی صورت میں ایک خصوصی ہنگامی نشریاتی پروٹوکول موجود ہوتا ہے، لیکن اس بار یہ نظام غلطی سے خودکار انداز میں فعال ہوگیا۔
پیٹر مور کے مطابق جیسے ہی یہ پروٹوکول آن ہوا تو ریڈیو کی نشریات خاموش ہوگئیں، جس سے عملے کو فوری طور پر اندازہ ہوگیا کہ کوئی بڑی خرابی پیش آئی ہے۔ صورتحال پر قابو پاتے ہی پروگرام دوبارہ بحال کیا گیا اور آن ائیر فوری معذرت نشر کی گئی۔
ریڈیو اسٹیشن نے اپنے باضابطہ بیان میں کہا کہ وہ کنگ چارلس اور اپنے سامعین سے اس غلطی اور اس سے پیدا ہونے والی پریشانی پر معذرت خواہ ہے۔
واضح رہے کہ ریڈیو کیرولائن 1964 میں قائم کیا گیا تھا اور اسے بی بی سی کی نشریاتی اجارہ داری کے خلاف ایک متبادل آواز کے طور پر متعارف کرایا گیا تھا۔ یہ ریڈیو اسٹیشن کئی برسوں تک سمندر میں موجود جہازوں سے نشریات نشر کرتا رہا اور برطانوی میڈیا کی تاریخ میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے۔
اس غیر متوقع واقعے کے بعد برطانیہ میں ایک بار پھر خودکار نشریاتی سسٹمز کی حساسیت اور ان کے ممکنہ خطرات پر بحث شروع ہوگئی ہے، کیونکہ ایسی غلطیاں چند لمحوں میں بڑے پیمانے پر خوف، افواہوں اور بے چینی کو جنم دے سکتی ہیں۔














