ٹرمپ کا پولینڈ میں مزید 5 ہزار فوجی بھیجنے کا اعلان

پولینڈ کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں، امریکی صدر
شائع 22 مئ 2026 09:45am

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پولینڈ میں مزید 5 ہزار امریکی فوجی تعینات کرنے کا اعلان کر دیا۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ پولینڈ کے صدر کارول ناوروسکی کی کے ساتھ قریبی تعلقات اور ان کی انتخابی کامیابی کے بعد کیا گیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا پولینڈ میں مزید 5 ہزار فوجی بھیجے گا۔ انہوں نے یہ اعلان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک بیان میں کیا۔

ٹرمپ نے کہا کہ پولینڈ کے موجودہ صدر کارول ناوروسکی کی کامیاب انتخابی مہم اور دونوں رہنماؤں کے درمیان تعلقات کے باعث امریکا نے اضافی فوجی بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اپنے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ انہیں ناوروتسکی کی حمایت پر فخر ہے اور وہ پولینڈ کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتے ہیں۔

امریکا کافی عرصے سے یورپ میں اپنی فوجی موجودگی کا جائزہ لے رہا ہے۔ اس سے قبل بھی توقع ظاہر کی جا رہی تھی کہ واشنگٹن نیٹو اتحادیوں سے یورپ کے دفاع میں زیادہ کردار ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنی فوجی تعداد کم کر سکتا ہے۔

ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا،’’پولینڈ کے نئے صدر کی کامیاب انتخابی جیت اور ان کے ساتھ ہمارے تعلقات کی بنیاد پر مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ امریکا پولینڈ میں مزید 5 ہزار فوجی بھیجے گا۔‘‘

یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال مئی میں کارول ناوروسکی کی وائٹ ہاؤس میں میزبانی بھی کی تھی اور پولینڈ کے انتخابات سے قبل ان کی کھل کر حمایت کی تھی۔

اس انتخاب میں ناوروتسکی نے پولینڈ کے وزیر اعظم ڈونلڈ ٹسک کی حامی جماعت کے امیدوار کو شکست دی تھی۔

بعد ازاں ستمبر میں بھی دونوں رہنماؤں کی وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہوئی تھی، جہاں ٹرمپ نے عندیہ دیا تھا کہ امریکا پولینڈ میں اپنی فوجی موجودگی بڑھا سکتا ہے اور پولینڈ کے دفاع کو یقینی بنانے کا وعدہ بھی کیا تھا۔