پنکی کے بعد کراچی سے ایک اور ڈرگ کوئین گرفتار
کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں پولیس نے منشیات فروش خاتون شیریں عرف شیرینہ کو اس کے دو بیٹوں سمیت گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمہ اپنے فلیٹ کی کھڑکی سے براہِ راست ہیروئن سپلائی کرتی تھی اور ماضی میں بھی منشیات فروشی کے متعدد مقدمات میں گرفتار ہوکر جیل جاچکی ہے۔
کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ منشیات فروش خاتون شیریں عرف شیرینہ کو اس کے دو بیٹوں سمیت گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمہ اپنے فلیٹ کی کھڑکی سے براہِ راست ہیروئن سپلائی کرتی تھی اور ہیروئن، چرس سمیت دیگر منشیات کی فروخت کے کاروبار میں ملوث تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شیریں عرف شیرینہ کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں تقریباً 35 مقدمات درج ہیں، جبکہ وہ چند سال قبل بھی منشیات فروشی کے مقدمات میں گرفتار ہوکر جیل جاچکی ہے۔
تحقیقات کے مطابق ملزمہ ماضی میں سہراب گوٹھ کے علاقے میں منشیات کا بڑا اڈہ چلاتی رہی ہے۔ دو سال قبل جیل سے رہائی کے بعد اس نے دوبارہ منشیات کے کاروبار کا آغاز کردیا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ایک مقدمے میں ملزمہ کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ بھی برآمد ہوا تھا، جس کے باعث اس کے خلاف سنگین نوعیت کے مقدمات بھی درج کیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمہ اور اس کے بیٹوں سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ منشیات کے نیٹ ورک سے متعلق مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔















