بھارتی اداکارہ سنچیتا اُگلے کی موت اور سشانت سنگھ راجپوت سے جوڑ، بھائی کا پہلا چونکا دینے والا بیان

ادا کارہ گزشتہ روز اپنے کمرے میں مردہ پائی گئی تھیں۔
شائع 16 جون 2026 09:31am

بھارتی ٹی وی کی ابھرتی ہوئی اداکارہ سنچیتا اگلے کی اچانک موت نے شوبز انڈسٹری اور ان کے مداحوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے، لیکن اس واقعے میں اس وقت ایک نیا اور چونکا دینے والا موڑ سامنے آیا جب اداکارہ کے بھائی آکاش اگلے نے میڈیا کے سامنے اپنا پہلا باقاعدہ بیان جاری کیا۔

آکاش نے سنچیتا کی موت کا تعلق بولی ووڈ کے مشہور اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت سے جوڑتے ہوئے کئی سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں جس کے بعد اس پورے معاملے کی حساسیت مزید بڑھ گئی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ کے بھائی آکاش اگلے نے شدید غم و غصے اور دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے سنچیتا کی موت کے حالات پر شک ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سنچیتا نے مرنے سے چند دن پہلے سوشل میڈیا پر سشانت سنگھ راجپوت کا ذکر کیا تھا۔

آکاش کا کہنا تھا کہ سشانت سنگھ راجپوت نے بھی 14 جون کو خود کشی کی تھی اور سنچیتا نے بھی صرف چھ سال کے فرق سے 14 جون کو دنیا چھوڑ دی، یہ محض کوئی اتفاق نہیں ہو سکتا بلکہ اس کے پیچھے کوئی گہری کہانی چھپی ہوئی ہے۔

آکاش نے یہ بھی بتایا کہ سنچیتا کی آخری سوشل میڈیا پوسٹ سشانت سنگھ راجپوت کی برسی سے متعلق تھی۔ ان کے مطابق، ”ایک دن پہلے اس نے انسٹاگرام پر ایک ریل شیئر کی تھی جس پر لکھا تھا، ’پھر 14 جون آ گئی‘۔ مجھے لگتا ہے کہ اس پوسٹ کی ایک خاص اہمیت تھی۔“

انہوں نے انڈسٹری کے اندرونی دباؤ اور ماحول پر انگلی اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پولیس اس معاملے کو معمولی خودکشی سمجھ کر بند نہ کرے۔

آکاش نے مزید کہا کہ سنچیتا نے اپنی آخری انسٹاگرام پوسٹ میں صاف لکھا تھا کہ وہ سشانت سنگھ راجپوت کے راستے پر چل رہی ہیں اور اس گلیمر کی دنیا کا دباؤ اب ان سے برداشت نہیں ہو رہا۔

آکاش نے روتے ہوئے کہا کہ ہماری بہن اتنی بزدل نہیں تھی کہ وہ خود اپنی جان لے لے، اسے ذہنی طور پر اس حد تک مجبور کیا گیا کہ وہ یہ قدم اٹھانے پر مجبور ہو گئی۔

انہوں نے حکومت اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ اس پورے معاملے کی اعلیٰ سطح پر شفاف تحقیقات کروائی جائیں تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ سنچیتا کو کس بات کا خوف تھا اور وہ کون لوگ تھے جو اسے پریشان کر رہے تھے۔

دوسری طرف پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ہر پہلو سے معاملے کی جانچ کر رہے ہیں اور جلد ہی حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ پولیس کے مطابق سنچیتا ممبئی میں اپنے خاندان کے ساتھ رہتی تھیں۔ واقعے کے وقت وہ گھر میں اکیلی تھیں۔ اہلِ خانہ کے واپس آنے پر انہیں کمرے میں مردہ پایا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال کسی حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا اور تفتیش جاری ہے۔

سنچیتا اُگلے ٹی وی ناظرین میں اس وقت مقبول ہوئیں جب انہوں نے زی ٹی وی کے مشہور ڈرامے ”کم کم بھاگیہ“ میں دیا ٹنڈن کا کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ وہ ”واگلے کی دنیا“ میں روچیتا جیٹلی کے کردار میں بھی نظر آئیں۔

بعد ازاں انہوں نے ڈنگل ٹی وی کے شو ”دل والی دلہن لے جائے گی“ میں سوربھ بیدی کے ساتھ مرکزی کرداراد اکیا تھا۔