بھارتی طیاروں پر پاکستانی فضائی حدود کے استعمال پر عائد پابندی میں توسیع

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے نوٹم جاری کردیا گیا ہے۔
شائع 17 جون 2026 05:58pm

پاکستان نے بھارتی طیاروں پر اپنی فضائی حدود کے استعمال پر عائد پابندی میں ایک بار پھر توسیع کر دی ہے، یہ پابندی 24 جولائی تک برقرار رہے گی۔

پاکستان نے بھارتی رجسٹرڈ طیاروں، بھارتی ایئرلائنز اور بھارتی آپریٹرز کے زیر استعمال پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود کی بندش میں مزید توسیع کر دی ہے اور اس حوالے سے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی اے اے) کی جانب سے نیا نوٹم جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹم میں کہا گیا کہ بھارتی رجسٹرڈ طیارے، بھارتی ملکیت یا لیز پر لیے گئے ہوائی جہاز اور بھارتی ایئرلائنز و آپریٹرز کی تمام سول و عسکری پروازیں پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گی۔ بھارتی فوجی پروازوں پر بھی پاکستانی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی ہوگی۔

نوٹم کے مطابق بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود بند رکھنے کا فیصلہ 24 جولائی کی صبح تک برقرار رہے گا، یہ پابندی آج شام 5 بج کر 50 منٹ سے لاگو ہوگی اور 24 جولائی کی صبح 4 بج کر 59 منٹ تک برقرار رہے گی۔

یاد رہے کہ پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود 23 اپریل 2025 سے بند کر رکھی ہے، پاکستان کی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئر لائنز کو اربوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔