ٹرمپ کا انوکھا یوٹرن: 'ایران کے پاس بیلسٹک میزائل نہ ہونا ناانصافی ہے'

سعودی عرب اور قطر کے پاس بھی میزائل موجود ہیں، ایران کو بھی متناسب دفاعی صلاحیت حاصل ہونی چاہیے، امریکی صدر
شائع 18 جون 2026 12:04pm

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کو بیلسٹک میزائل رکھنے سے منع کرنا نا انصافی ہوگی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے پیرس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں یہ کہہ رہا ہوں کہ اگر خطے کے دیگر ممالک جیسے سعودی عرب اور قطر کے پاس بیلسٹک میزائل ہیں تو ایران کے پاس بھی یہ میزائل مناسب تعداد میں ہونے چاہئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر سعودی عرب، قطر اور دیگر علاقائی ممالک کے پاس بیلسٹک میزائل موجود ہیں تو ”متناسب سطح پر“ ایران کے پاس بھی ایسی صلاحیت ہونا قابل قبول ہے۔

امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان خطے میں تقریباً چار ماہ سے جاری کشیدگی اور تنازع کے خاتمے کے لیے ایک معاہدہ طے پانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

ٹرمپ نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ امریکہ اپنی فوجی موجودگی خلیجی خطے میں فوری طور پر ختم نہیں کرے گا بلکہ امریکی افواج ”کچھ عرصے“ تک وہاں تعینات رہیں گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ تہران کے ساتھ معاہدے کے باوجود خطے کی صورتحال اور سکیورٹی معاملات کے پیش نظر امریکی فوج کی موجودگی برقرار رکھی جائے گی۔