فیفا ورلڈ کپ میں کینیڈا کی تاریخی فتح، قطر کو 6-0 سے شکست دے دی

اس فتح کے بعد کینیڈا مضبوط پوزیشن میں آ گیا ہے اور گروپ میں پہلی پوزیشن کے لیے اسے آخری میچ میں صرف ڈرا درکار ہے۔
شائع 19 جون 2026 08:56am

وینکوور میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ بی کے میچ میں کینیڈا نے قطر کو 0-6 سے شکست دے کر ورلڈ کپ کی تاریخ میں اپنی پہلی فتح حاصل کر لی۔

یہ میچ صرف کینیڈا کی شاندار جیت ہی نہیں بلکہ ایک سنگین انجری، دو ریڈ کارڈز اور میچ کے بعد ہونے والے تنازع کی وجہ سے بھی توجہ کا مرکز بن گیا۔

بی سی پلیس اسٹیڈیم میں ہونے والے اس مقابلے میں کینیڈا نے آغاز ہی سے برتری حاصل کی۔ میچ کے 16ویں منٹ میں سائل لارن نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ اس کے بعد جوناتھن ڈیوڈ نے پہلے ہاف میں دو گول اسکور کیے اور کینیڈا نے وقفے تک مضبوط پوزیشن حاصل کر لی۔

دوسرے ہاف میں میچ کا سب سے افسوسناک لمحہ اس وقت سامنے آیا جب کینیڈا کے مڈفیلڈر اسماعیل کونے قطر کے عاصم مدیبو کے ٹیکل کے نتیجے میں شدید زخمی ہوگئے۔ ٹیکل کے بعد کونے درد سے زمین پر گر گئے اور اپنی بائیں ٹانگ پکڑ کر تڑپتے رہے۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر طبی عملے کو میدان میں بلایا گیا۔

کچھ دیر بعد اسماعیل کونے کو اسٹریچر پر میدان سے باہر منتقل کیا گیا۔ اس دوران وہ آکسیجن لیتے ہوئے تماشائیوں کو ہاتھ ہلا کر جواب دیتے رہے۔ ابتدائی طور پر عاصم مدیبو کو پیلا کارڈ دکھایا گیا تھا، لیکن وی اے آر جائزے کے بعد اسے ریڈ کارڈ میں تبدیل کر دیا گیا۔ اس سے قبل قطر کے ہومام احمد کو بھی پہلے ہاف میں ریڈ کارڈ مل چکا تھا، جس کے بعد قطر کی ٹیم صرف نو کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے پر مجبور ہوگئی۔

دو کھلاڑی کم ہونے کا نقصان قطر کو واضح طور پر اٹھانا پڑا۔ اسماعیل کونے کی جگہ میدان میں آنے والے ناتھن سلیبا نے 64 ویں منٹ میں فری کک پر خوبصورت گول کرکے اسکور 4-0 کر دیا۔ گول کے بعد سلیبا نے زخمی ساتھی اسماعیل کونے کی جرسی اٹھا کر ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔

بعد ازاں جیکب شیفلبرگ کی کوشش پر قطر کے دفاعی کھلاڑی محمد مناعی سے ایک خود گول ہوگیا جس سے اسکور 5-0 ہوگیا۔ انجری ٹائم میں جوناتھن ڈیوڈ نے اپنا تیسرا گول کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی اور کینیڈا کی 6-0 کی بڑی فتح پر مہر ثبت کر دی۔

 (لارن کے شاندار گول سے کینیڈا نے آغاز ہی میں رنگ جما دیا)
(لارن کے شاندار گول سے کینیڈا نے آغاز ہی میں رنگ جما دیا)

یہ ورلڈ کپ کی تاریخ کی 56 ویں ہیٹ ٹرک تھی جبکہ 2026 کے ایونٹ کی دوسری ہیٹ ٹرک بھی ثابت ہوئی۔ جوناتھن ڈیوڈ ورلڈ کپ میں ایک میچ میں متعدد گول کرنے والے پہلے کینیڈین مرد کھلاڑی بھی بن گئے۔

میچ ختم ہونے کے بعد بھی کشیدگی برقرار رہی۔ آخری سیٹی کے فوراً بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان میدان کے وسط میں تلخ کلامی اور دھکم پیل دیکھنے میں آئی۔ صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے فیفا کے رضاکاروں اور دونوں ٹیموں کے عملے کو مداخلت کرنا پڑی۔

میچ کے بعد جوناتھن ڈیوڈ نے کہا کہ اسماعیل کونے کی انجری کے بعد کھیل پر توجہ مرکوز رکھنا مشکل ہوگیا تھا۔ ان کے مطابق تمام کھلاڑی صرف یہ چاہتے تھے کہ میچ ختم ہو تاکہ وہ اپنے زخمی ساتھی کے ساتھ رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا کے لیے یہ ایک تاریخی کامیابی ہے اور اس انداز میں پہلی ورلڈ کپ فتح حاصل کرنا ٹیم اور ملک دونوں کے لیے ایک یادگار لمحہ ہے۔

اس کامیابی کے بعد کینیڈا گروپ میں مضبوط پوزیشن میں آ گیا ہے اور اب اسے گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے لیے اپنے آخری میچ میں صرف ایک ڈرا درکار ہوگا۔ دوسری جانب قطر اور بوسنیا و ہرزیگووینا اپنی مہم کا اختتام بہتر پوزیشن کے ساتھ کرنے کی کوشش کریں گے۔