برطانیہ: مگرمچھوں کے جنگلے سے 3 سالہ بچہ انتہائی تشویشناک حالت میں برآمد
برطانیہ کے دیہی علاقے ہنٹنگڈن کے قریب واقع چڑیا گھر میں ایک دل دہلا دینے والے واقعے نے پوری کمیونٹی کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ مشہور چڑیا گھر ’جانسنز آف اولڈ ہرسٹ‘ میں ایک تین سالہ معصوم بچہ مگرمچھوں کے اینکلوزر میں جاگرا، جس کے بعد صورتحال انتہائی سنگین ہو گئی۔
بی بی سی کے مطابق پولیس نے اس ہولناک واقعے کو محض ایک حادثہ تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے ایک 30 سالہ شخص کو اقدامِ قتل کے شبہے میں گرفتار کر لیا ہے، جس کا بچے یا اس کے خاندان سے کوئی سابقہ تعلق نہیں تھا۔
مقامی وقت کے مطابق دوپہر کے ڈیڑھ بجے چڑیا گھر کی پُرسکون فضا اچانک چیخ و پکار اور ایمبولینسوں کے سائرن کی آوازوں سے گونج اٹھی۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ منظر انتہائی پریشان کن تھا۔

پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایئر ایمبولینس اور ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیمیں موقع پر پہنچیں۔ معصوم بچے کو، جو زندگی اور موت کی کشمکش میں تھا، ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد فوری طور پر ایڈن بروک ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق بچے کی حالت تشویشناک ہے لیکن ڈاکٹر اس کی حالت کو مستحکم کرنے کی سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں۔
یہ چڑیا گھر اپنے بہترین حفاظتی انتظامات کے لیے جانا جاتا ہے۔ مقامی کونسلر شارلٹ لو نے شدید صدمے کا اظہار کرتے ہوئے بتایا:
”یہ ایک پُرامن دیہی علاقہ ہے جہاں ایسے واقعے کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ چڑیا گھر میں مضبوط لوہے کے جنگلے، اونچی راہداریاں اور حفاظتی شیشے موجود ہیں تاکہ کوئی بھی حادثاتی طور پر اندر نہ گر سکے۔“

مقامی رہائشیوں کے مطابق مگرمچھوں کو ایک بڑے ہال میں بنے تالابوں میں رکھا گیا ہے، جہاں تماشائی تقریباً 4 فٹ اونچی باڑ کے پیچھے کھڑے ہو کر بلندی سے نیچے موجود مگرمچھوں کو دیکھتے ہیں۔ ایسے محفوظ ماحول میں ایک معصوم بچے کا مگرمچھوں کے بالکل قریب پہنچ جانا کئی سنگین سوالات کو جنم دے رہا ہے۔
پولیس اس بات کی بھی گہرائی سے تفتیش کر رہی ہے کہ آیا بچے پر مگرمچھوں نے حملہ کیا یا اسے وہاں پھینکا گیا۔
















