فیفا ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ گول: لیونل میسی نے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا
ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے مینز فٹبال ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ آسٹریا کے خلاف میچ میں گول کرکے انہوں نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں اپنے گولز کی تعداد 17 کر لی اور جرمنی کے سابق اسٹار میرو سلاف کلوزے کا ریکارڈ توڑ دیا۔
رپورٹس کے مطابق فیفا ورلڈ کپ 2026 میں لیونل میسی نے آسٹریا کے خلاف گروپ جے کے میچ کے 39 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلائی اور اسی کے ساتھ ورلڈ کپ کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔
میچ کے آغاز میں لیونل میسی پنالٹی پر گول کرنے میں ناکام رہے تھے تاہم بعد ازاں انہوں نے گول کرکے ورلڈ کپ میں اپنے گولز کی تعداد 17 کر لی اور جرمنی کے سابق اسٹار کھلاڑی میرو سلاف کلوزے کا ریکارڈ توڑ دیا۔
اس سے قبل میسی نے 16 جون کو الجزائر کے خلاف میچ میں ہیٹ ٹرک کرکے میروسلاف کلوزے کے 16 گولز کے ریکارڈ کی برابری کی تھی۔ یہ ان کے بین الاقوامی کیریئر کی 11 ویں جب کہ ورلڈ کپ میں پہلی ہیٹ ٹرک تھی۔
ریکارڈ کی برابری کے بعد لیونل میسی نے کہا تھا کہ میروسلاف کلوزے اور رونالڈو نازاریو جیسے عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ اپنا نام شامل ہونا اعزاز کی بات ہے تاہم ان کے نزدیک یہ صرف اعداد و شمار ہیں۔ انہوں نے کیلین ایمباپے کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بھی اس دوڑ میں شامل ہیں۔
لیونل میسی نے اپنا پہلا ورلڈ کپ گول 16 جون 2006 کو سربیا اور مونٹی نیگرو کے خلاف کیا تھا۔ 20 سال بعد وہ نہ صرف ورلڈ کپ کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں بلکہ ورلڈ کپ کے 6 مختلف ایڈیشنز میں شرکت کرنے والے پہلے فٹبالر بھی ہیں۔
اس گول کے بعد ارجنٹائن کے لیے لیونل میسی کے بین الاقوامی گولز کی مجموعی تعداد 120 ہو گئی ہے جب کہ اس فہرست میں ان سے آگے صرف کرسٹیانو رنالڈو ہیں، جن کے نام 143 بین الاقوامی گولز درج ہیں۔
















