فیفا ورلڈ کپ 2026: اب تک کون سی ٹیمیں ایونٹ سے باہر ہوچکی ہیں؟

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ اسٹیج کے میچز 11 جون سے 27 جون تک جاری رہیں گے۔
شائع 23 جون 2026 08:22pm

امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں کھیلے جانے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ناک آؤٹ مرحلے کی تصویر واضح ہونا شروع ہو گئی ہے، جہاں پہلی بار ٹورنامنٹ کے توسیعی فارمیٹ کے تحت راؤنڈ آف 32 متعارف کرایا گیا ہے، وہی اگلے مرحلے کے لیے میکسیکو، امریکا، جرمنی، ارجنٹینا، فرانس اور ناروے نے کوالیفائی کرلیا ہے جب کہ ہیٹی، ترکیہ، تیونس اور اردن کی ٹیمیں پہلے ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکی ہیں۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 کا مرحلہ وار شیڈول اس طرح ہے کہ گروپ اسٹیج کے میچز 11 جون سے 27 جون تک جاری رہیں گے جب کہ ایونٹ میں پہلی مرتبہ 48 ٹیموں کے فارمیٹ کے باعث ناک آؤٹ مرحلے کا آغاز راؤنڈ آف 32 سے ہوگا۔

ناک آؤٹ مرحلے کا نیا فارمیٹ اس طرح ترتیب دیا گیا ہے کہ ہر 12 گروپس میں سے ٹاپ 2 ٹیمیں اور ہر گروپ سے بہترین کارکردگی دکھانے والی 8 تھرڈ پوزیشن ٹیمیں اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی جب کہ راؤنڈ آف 32 کا آغاز 28 جون سے ہوگا جو 3 جولائی تک جاری رہے گا۔

اس کے بعد راؤنڈ آف 16 کے میچز 4 سے 7 جولائی کے درمیان کھیلے جائیں گے، کوارٹر فائنلز 9 سے 11 جولائی تک اور سیمی فائنلز 14 اور 15 جولائی کو ہوں گے۔ اسی طرح تیسری پوزیشن کا میچ 18 جولائی کو ہوگا جب کہ ورلڈ کپ 2026 کا فائنل 19 جولائی کو کھیلا جائے گا۔

ٹائی بریکر رولز میں تبدیلی

فیفا کی جانب سے پہلی بار ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے میں پوائنٹس برابر ہونے کی صورت میں ٹیموں کی درجہ بندی کے لیے مرحلہ وار ٹائی بریکر سسٹم نافذ کیا گیا ہے۔

پہلے مرحلے میں وہ ٹیم اوپر ہوگی، جس کے سب سے زیادہ پوائنٹس ہوں گے جب کہ اگر پوائنٹس برابر ہوں تو متعلقہ ٹیموں کے درمیان ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں بہتر گول ڈیفرینس رکھنے والی ٹیم کو برتری دی جائے گی۔ اگر اس کے بعد بھی برابری برقرار رہے تو ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں زیادہ گول کرنے والی ٹیم کو آگے رکھا جائے گا۔

اگر اس مرحلے کے بعد بھی ٹیموں کے درمیان فرق نہ کیا جا سکے تو دوسرا مرحلہ نافذ ہوگا، جس میں تمام گروپ میچز کے مجموعی گول ڈیفرینس کو دیکھا جائے گا۔ اس کے بعد مجموعی طور پر زیادہ گول کرنے والی ٹیم کو فوقیت دی جائے گی جب کہ تیسری ترجیح کھلاڑیوں اور آفیشلز کے یلو اور ریڈ کارڈز کی بنیاد پر ٹیم کے ڈسپلن اسکور کو دی جائے گی۔

اگر پھر بھی ٹیموں میں فرق ممکن نہ ہو تو تیسرے مرحلے میں فیفا ورلڈ رینکنگ کو بنیاد بنایا جائے گا، جس کے مطابق تازہ ترین درجہ بندی میں بہتر پوزیشن رکھنے والی ٹیم کو برتری حاصل ہوگی۔

اس کے علاوہ بہترین تھرڈ پوزیشن ٹیموں کے انتخاب کے لیے بھی الگ معیار مقرر کیا گیا ہے، جس کے تحت تمام گروپ میچز میں حاصل کردہ پوائنٹس سب سے پہلے دیکھے جائیں گے۔ اس کے بعد مجموعی گول ڈیفرینس، پھر مجموعی گولز اور پھر ڈسپلن ریکارڈ کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے گا۔ اگر اس کے باوجود بھی برابری برقرار رہے تو حتمی فیصلہ فیفا کی تازہ ترین ورلڈ رینکنگ کے مطابق کیا جائے گا۔

راؤنڈ آف 32 میں پہنچنے والی ٹیمیں

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں 11 جون سے 23 جون تک کھیلے گئے میچز کے مطابق اب تک ٹورنامنٹ کے راؤنڈ آف 32 میں کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں میکسیکو، امریکا، جرمنی، ارجنٹینا، فرانس اور ناروے شامل ہیں۔

میکسیکو (گروپ A)

میکسیکو ورلڈ کپ 2026 کے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنانے والی پہلی ٹیم بن گئی، میزبان ملک نے گروپ اے میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرتے ہوئے 18 جون کو جنوبی کوریا کے خلاف 0-1 سے کامیابی حاصل کی۔ میکسیکو نے اپنی مہم کا آغاز جنوبی افریقا کے خلاف 0-2 کی شاندار فتح سے کیا تھا، جس کے بعد ٹیم نے گروپ میں برتری برقرار رکھی۔

امریکا (گروپ D)

امریکا کی ٹیم نے دوسری ٹیم کے طور پر راؤنڈ آف 32 کے لیے کوالیفائی کیا، امریکی ٹیم نے 19 جون کو آسٹریلیا کو 0-2 سے شکست دے کر گروپ ڈی میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس سے قبل امریکا نے اپنی مہم کا آغاز پیراگوئے کے خلاف 1-4 کی شاندار جیت سے کیا تھا۔

جرمنی (گروپ E)

جرمنی تیسرے نمبر پر ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچنے والی ٹیم بنی، جرمنی نے 20 جون کو کو آئیوری کوسٹ کے خلاف 1-2 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے گروپ ای میں ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جمایا۔ جرمن ٹیم نے ٹورنامنٹ کا آغاز کریاؤساو کے خلاف 1-7 کی یکطرفہ فتح سے کیا تھا تاہم اس سے قبل پچھلے 2 ورلڈ کپ (روس 2018 اور قطر 2022) میں گروپ اسٹیج سے آگے نہ بڑھنے کے بعد اس بار بہتر کارکردگی دکھائی۔

ارجنٹینا (گروپ J)

ارجنٹینا نے 22 جون کو آسٹریا کو 0-2 سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ پکی کی۔ کپتان لیونل میسی نے اس میچ میں 2 گول اسکور کیے اور ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 18 گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔ اس سے قبل میسی نے الجزائر کے خلاف 0-3 کی فتح میں ہیٹ ٹرک بھی اسکور کی تھی اور دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے گروپ جے میں ٹاپ پوزیشن یقینی بنا لی۔

فرانس (گروپ I)

فرانس نے عراق کے خلاف 0-3 کی فتح کے ساتھ راؤنڈ آف 32 میں رسائی حاصل کی اور ساتھ ہی گروپ آئی میں پہلی پوزیشن حاصل کی، اس میچ میں کیلیان ایمباپے نے 2 گول اسکور کیے۔ فرانس نے اپنے پہلے میچ میں سینیگال کو 1-3 سے شکست دی تھی، اس میچ میں بھی ایمباپے نے 2 گول کیے تھے۔

ناروے (گروپ I)

ناروے نے سینیگال کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3 سے شکست دے کر گروپ آئی سے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنائی۔ ناروے نے اپنے پہلے میچ میں عراق کے خلاف 1-4 کی شاندار جیت کے ساتھ ٹورنامنٹ کا آغاز کیا تھا۔ یہ ٹیم 28 سال بعد ورلڈ کپ میں واپسی کے بعد اب شاندار فارم میں نظر آ رہی ہے۔

ٹورنامنٹ سے باہر ہونے والی ٹیمیں

اسی طرح 11 جون سے اب تک تک کھیلے گئے میچز کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر والی ٹیموں میں ہیٹی، ترکیہ، تیونس اور اردن شامل ہیں۔

ہیٹی (گروپ C)

ہیٹی ورلڈ کپ 2026 سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی، جب اسے 19 جون کو کھیلے گئے گروپ سی کے میچ میں برازیل کے خلاف 0-3 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، یہ ٹیم 1974 کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ میں شریک ہوئی تھی تاہم اپنے پہلے میچ میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف بھی اسے 0-1 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی۔

ترکیہ (گروپ D)

گروپ ڈی سے ترکیہ 20 جون کو کھیلے گئے میچ میں پیراگوئے کی 10 کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کے ہاتھوں 0-1 سے شکست کے بعد ورلڈ کپ سے باہر ہونے والی دوسری ٹیم بن گئی۔ اس سے قبل ترکیہ کو اپنے افتتاحی میچ میں آسٹریلیا کے خلاف 0-2 کی غیر متوقع شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ترکیہ 24 سال بعد ورلڈ کپ میں واپس آیا تھا تاہم ابتدائی دونوں میچوں میں ناکامی کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گیا۔

تیونس (گروپ F)

ورلڈ کپ کے گروپ ایف سے تیونس تیسرے نمبر پر ایلیمینیٹ ہونے والی ٹیم بنی، جب اسے 20 جون کو جاپان کے خلاف 0-4 سے شکست ہوئی۔ اس سے قبل تیونس کو اپنے پہلے میچ میں سویڈن کے خلاف 1-5 کی بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ تیونس 1978 میں میکسیکو کو شکست دے کر ورلڈ کپ میں میچ جیتنے والی پہلی افریقی ٹیم بنی تھی تاہم اس کے بعد وہ کبھی گروپ اسٹیج سے آگے نہ بڑھ سکی۔

اردن (گروپ J)

گروپ جے سے اردن کی ٹیم بھی ورلڈ کپ 2026 سے باہر ہوگئی، جب اسے 22 جون کو الجزائر کے خلاف 1-2 سے شکست ہوئی۔ یہ اس کا دوسرا گروپ میچ تھا جب کہ اپنے پہلے میچ میں اسے آسٹریا کے خلاف 1-3 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اردن اس ٹورنامنٹ کے 4 ڈیبیو کرنے والے ممالک میں سے ایک تھا تاہم ابتدائی 1 شکستوں کے بعد اس کا ایونٹ میں سفر ختم ہو گیا۔

ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 میں کوالیفکیشن کا عمل جاری ہے جب کہ کئی بڑی ٹیمیں اپنی جگہ پکی کر چکی ہیں۔ نئے فارمیٹ کے تحت مقابلے زیادہ سخت اور متوازن ہو گئے ہیں، جہاں ہر گروپ سے ٹاپ ٹیموں کے ساتھ ساتھ بہترین تھرڈ پوزیشن ٹیموں کو بھی آگے بڑھنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔