وزیراعظم نے ایرانی صدر کو اعزازی فیلو شپ سے نواز دیا

یہ اعزاز ایرانی صدر کو طب، بالخصوص دل کی سرجری کے شعبے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
اپ ڈیٹ 23 جون 2026 11:27pm

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو دل کی سرجری (کارڈیک سرجری) کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (سی پی ایس پی) کی اعزازی فیلوشپ سے نواز دیا۔

منگل کو اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (سی پی ایس پی) کی جانب سے کارڈیک سرجری کے شعبے میں اعزازی فیلوشپ پیش کی۔

یہ اعزاز صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو طب، بالخصوص دل کی سرجری کے شعبے میں ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔ تقریب میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ شخصیات بھی موجود تھیں، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کو اعزازی فیلوشپ سے نوازا۔

قبل ازیں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے، صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے نور خان ایئربیس پر ایرانی صدر کا پرتپاک استقبال کیا۔

ایرانی صدر کو پاکستان آمد پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی جب کہ پاک فضائیہ کے جے ایف 17 طیاروں نے بھی سلامی دی۔ روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ایرانی صدر کو پھول پیش کیے، پاکستان اور ایران کے جھنڈے تھامے بچے ایرانی صدر کے استقبال کے لیے موجود تھے جب کہ مسعود پزشکیان نے ہاتھ ہلا کر بچوں کے خیر مقدمی نعروں کا جواب دیا۔

جس کے بعد ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان وزیرِ اعظم ہاؤس پہنچے جہاں وزیراعظم نے ان کا استقبال کیا جب کہ مسلح افواج کے دستوں نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

وزیراعظم اور ایرانی صدر کے درمیان خوش گوار جملوں کا تبادلہ ہوا، ان کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں تقریب منعقد کی گئی۔