کراچی: پولیس سب انسپکٹر کی ٹارگٹ کلنگ کی منصوبہ بندی کرنے والا ملزم گرفتار

پولیس نے ملزم کے خلاف سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
شائع 29 جون 2026 05:52pm

کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے سب انسپکٹر نعیم شاہ کی ٹارگٹ کلنگ کی منصوبہ بندی ناکام بنا دی اور کارروائی کے دوران ملزم کو گرفتار کر لیا جب کہ اس کا ساتھی سجاد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق سائٹ ایریا میں کارروائی کے دوران ریکارڈ یافتہ ملزم فیصل عرف منیجر کو گرفتار کیا گیا، جس کے قبضے سے غیرقانونی پستول اور ایمونیشن بھی برآمد ہوا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سب انسپکٹر نعیم شاہ کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا اور اس طرح پولیس افسر کی ٹارگٹ کلنگ کی سازش کو بروقت ناکام بنا دیا گیا۔

پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزم کا ساتھی سجاد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزم نے شہریوں سے لوٹ مار میں ملوث ہونے کا اعتراف بھی کیا ہے جب کہ انکشاف ہوا ہے کہ وہ ولیکا روڈ پر ڈکیتی اور فائرنگ کی واردات میں بھی ملوث رہا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم پولیس مقابلے میں مارے گئے اپنے بھتیجے کا بدلہ لینا چاہتا تھا اور اسی مقصد کے تحت سب انسپکٹر نعیم شاہ کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں ڈکیتی، پولیس مقابلوں اور اسلحہ ایکٹ سمیت مجموعی طور پر 14 مقدمات درج ہیں اور وہ متعدد مقدمات میں مطلوب بھی رہا ہے۔

پولیس نے ملزم کے خلاف سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔