شادی کی خبروں پر اداکار توثیق حیدر اور فرح سعدیہ کی وضاحت

دونوں فنکار اپنے مارننگ شوز اور معلوماتی پروگرامز کے باعث پہچانے جاتے ہیں۔
شائع 01 جولائ 2026 09:07am

پاکستان شوبز انڈسٹری کے پسندیدہ میزبان و اداکار توثیق حیدر اور فرح سعدیہ نے اپنی شادی سے متعلق پھیلنے والی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں جھوٹ اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔

گزشتہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا اور خاص طور پر یوٹیوب پر یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ دونوں فنکاروں نے آپس میں شادی کر لی ہے۔

مختلف یوٹیوب چینلز نے ان کی تصاویر استعمال کر کے یہ خبریں چلائیں، جس کے بعد یہ معاملہ تیزی سے انٹرنیٹ پر پھیل گیا اور لوگوں میں کنفیوژن پیدا ہو گئی۔

ان افواہوں کے بڑھنے پر توثیق حیدر اور فرح سعدیہ نے خود ایک ویڈیو جاری کی، جس میں انہوں نے عوام کو اصل حقیقت سے آگاہ کیا۔ دونوں نے واضح کیا کہ ان کی شادی سے متعلق خبریں صرف ویوز اور پیسے کمانے کے لیے پھیلائی گئی تھیں۔

ویڈیو میں فنکاروں نے طنزیہ انداز میں کہا، ’ہم خوشی خوشی شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں اور ہم خود یہ خبر آپ کو دینا چاہتے تھے، لیکن افسوس کہ ہمارے یوٹیوبرز نے پہلے ہی یہ خبر بریک کر دی۔‘

توثیق حیدرنے ہنستے ہوئے کہا، ’جب میں صبح اٹھا تو مجھے پتا چلا کہ میری فرح سے شادی ہو چکی ہے۔ انٹرنیٹ پر ہماری ایک شاندار شادی کی تصویر بھی بنا دی گئی تھی، جس میں میں بہت اچھا دولہا لگ رہا تھا۔ انہوں نے ہمیں بہت خوبصورت دولہا اور دلہن بنا دیا۔‘

توثیق حیدر نے یوٹیوبرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، ’اگر آپ نے ہماری اس جھوٹی خبر سے دو لاکھ روپے کما لیے ہیں تو مہربانی کر کے ہمیں پچاس ہزار روپے سلامی کے بھیج دیں، یہ ایک اچھا کاروباری سودا ہو سکتا ہے۔‘

اس کے بعد فرح سعدیہ نے سنجیدہ انداز میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ایسی افواہیں ان کے خاندانوں کے لیے پریشانی کا باعث بنتی ہیں۔ ان کے مطابق، ’ہماری اپنی فیملیز ہیں، بچے اور والدین ہیں، جب ایسی خبریں پھیلتی ہیں تو لوگ ہم سے سوال کرتے ہیں۔ یہ مناسب نہیں ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس طرح کی باتوں سے خوش نہیں ہیں اور لوگ دوسروں کی زندگیوں کے بجائے اپنی زندگیوں پر توجہ دیں۔ فرح سعدیہ نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ دونوں اکیلے یعنی سنگل ہیں اور خوش ہیں۔

انہوں نے کہا، ’ہم دونوں صرف اچھے دوست ہیں اور ہمیشہ دوست ہی رہیں گے۔ ہم ایک دوسرے کے ساتھ کام کرتے ہیں اور یہی ہماری حقیقت ہے۔‘

اس کے بعد توثیق حیدر نے بھی کہا کہ انہوں نے سنگل رہ کر اور فرح نے شادی کر کے بہت کچھ سیکھ لیا ہے۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ توثیق حیدر اور فرح سعدیہ کی شادی سے متعلق پھیلنے والی تمام خبریں جھوٹی تھیں اور دونوں فنکاروں کے درمیان صرف دوستی اور پیشہ ورانہ تعلق ہے۔

واضح رہے کہ یہ دونوں فنکار پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) سے طویل عرصے سے وابستہ ہیں اور اسلام آباد سینٹر میں اپنے مارننگ شوز اور معلوماتی پروگرامز کے باعث پہچانے جاتے ہیں۔ دونوں نے ڈراموں میں بھی مختلف کردار ادا کیے ہیں اور آج کل مختلف ٹی وی سیریلز میں نظر آ رہے ہیں۔