ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ پر چڑھ کر محبت کا اظہار، روسی جوڑا گرفتار
روس کے رہنے والے ایک نوجوان جوڑے نے امریکا کے شہر نیویارک کی سب سے اونچی اور مشہور عمارت ’ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ‘ کی چوٹی پر چڑھ کر دنیا کو حیران کر دیا۔ دونوں نے عمارت کی بلند ترین اینٹینا تک پہنچ کر دنیا میں امن کا پیغام دیا، پھر وہیں منگنی کر لی، لیکن جیسے ہی یہ جوڑا نیچے پہنچا، نیویارک پولیس نے دولہا دلہن کو مبارکباد دینے کے بجائے قانون توڑنے کے جرم میں سیدھا حوالات پہنچا دیا۔
انجیلا نیکولاؤ اور وانیا بیرکس نامی روسی جوڑا سیاہ لباس اور چہروں پر نقاب پہن کر 1,454 فٹ بلند ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کی ٹرانسمیشن ٹاور پر چڑھ گیا اور وہاں سے انٹرنیٹ پر اپنی ویڈیو اور تصاویر بھی شیئر کرتا رہا۔
اینٹینا کی چوٹی پر پہنچ کر دونوں نے ایک بڑا سیاہ بینر بھی لہرایا، جس پر لکھا تھا، ”جب محبت کی طاقت، طاقت کی محبت پر غالب آ جائے گی تو دنیا امن کو جان لے گی۔“ یہ جملہ برطانوی سیاست دان ولیم گلیڈ اسٹون سے منسوب کیا جاتا ہے، اگرچہ اکثر لوگ اسے موسیقار جمی ہینڈرکس کا قول سمجھتے ہیں۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کے آبزرویشن ڈیک پر بڑی تعداد میں سیاح موجود تھے۔ لوگوں نے حیرت سے دیکھا کہ دونوں سینکڑوں فٹ کی بلندی پر اینٹینا کے گرد گھوم رہے ہیں۔ ایک موقع پر ان میں سے ایک شخص کچھ نیچے آیا لیکن پھر دوبارہ چوٹی پر چلا گیا۔

بعد ازاں دونوں نیچے ایک پلیٹ فارم پر پہنچے جہاں وانیا بیرکس نے فلمی انداز میں گھٹنوں کے بل بیٹھ کر انجیلا نیکولاؤ کو شادی کی پیشکش کی۔ انجیلا نے خوشی سے یہ پیشکش قبول کر لیا۔ منگنی کی خوشی میں انجیلا نے اپنا چہرہ بھی ظاہر کیا۔
انجیلا نیکولاؤ نے بعد میں اپنی انسٹاگرام پوسٹس میں منگنی کی انگوٹھی اور اس یادگار لمحے کی تصاویر بھی شیئر کیں۔ وہ خود کو ”شناخت، خوف اور آزادی پر کام کرنے والی نیو آرٹسٹ“ قرار دیتی ہیں۔

یہ جوڑا سوشل میڈیا پر ایسی خطرناک ویڈیوز بنانے کے لیے مشہور ہیں اور اس سے پہلے بھی دنیا کی کئی بلند عمارتوں اور پلوں پر چڑھ چکا ہے۔ ان میں سان فرانسسکو کا بے برج اور ملائیشیا کے شہر کوالالمپور کی مرڈیکا 118 عمارت بھی شامل ہے، جو دنیا کی دوسری بلند ترین عمارت ہے۔ دونوں کی زندگی پر 2024 میں نیٹ فلکس کی دستاویزی فلم ”اسکائی واکرز: اے لو اسٹوری“ بھی بن چکی ہے۔
واقعے کے بعد نیویارک پولیس نے احتیاطی تدابیر کے طور پر آبزرویشن ڈیک خالی کرا لیا جبکہ عمارت کے اطراف کی چند سڑکیں بھی عارضی طور پر بند کر دی گئیں۔ پولیس کا ہیلی کاپٹر بھی فضاء میں نگرانی کرتا رہا۔
نیویارک پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کو کسی مزاحمت کے بغیر حراست میں لیا گیا اور ان پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ حکام نے یہ نہیں بتایا کہ وہ ممنوعہ حصے تک کیسے پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔
ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کے ترجمان نے اس واقعے کو ”غیر مجاز کارروائی“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمارت پر شادی کی پیشکش کے لیے پہلے ہی ایک باقاعدہ پیکیج موجود ہے، جس کے تحت جوڑے محفوظ طریقے سے یہ یادگار لمحہ منا سکتے ہیں۔
سابق انجینئر جان کلیری نے خبردار کیا کہ اس ٹاور پر بغیر تربیت چڑھنا انتہائی خطرناک ہے کیونکہ وہاں براہ راست ٹی وی اور ریڈیو نشریات کے آلات نصب ہیں اور بجلی کی طاقتور لہریں موجود ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا، ”اس ٹاور پر کام کرنے والے تکنیکی ماہرین خصوصی تربیت حاصل کرتے ہیں کیونکہ اتنی بلندی پر معمولی غلطی بھی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔“ انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ دونوں کو اینٹینا پر چڑھتے وقت حفاظتی بیلٹ پہنے ہوئے نہیں دیکھا گیا۔
دوسری جانب انجیلا نیکولاؤ کے والد دیمتری نیکولاؤ نے اپنی بیٹی کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا، ”میرے خیال میں کسی بھی ملک، حتیٰ کہ امریکہ میں بھی چھت پر چڑھنا ایک معمول کی بات ہے۔“
جب ان سےپوچھا گیا کہ آپ کو بیٹی کی فکر نہیں ہوئی؟ تو انہوں نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ ”مجھے کیوں فکر ہو؟ میں خود سرکس کا کھلاڑی ہوں اور چھتوں پر چڑھتا رہتا ہوں، یہ تو ایک عام سی بات ہے“۔
یہ پہلی بار نہیں ہے کہ کوئی شخص ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ پر چڑھا ہو۔ 2023 میں اداکار اور گلوکار جیرڈ لیٹو نے اپنی موسیقی کی تشہیر کے لیے اسی عمارت پر چڑھائی کی تھی، تاہم انہیں اس کی باقاعدہ اجازت حاصل تھی اور تمام حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔
اس سے قبل 1994 میں فرانسیسی کوہ پیما ایلین رابرٹ، جنہیں ”فرینچ اسپائیڈر مین“ بھی کہا جاتا ہے، بھی اس عمارت پر چڑھے تھے، تاہم بعد میں انہیں بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔














