ہیرا پھیری 3 کھٹائی میں، ہدایت کار نے فلم کیوں چھوڑ دی؟
بولی ووڈ کی مقبول کامیڈی فرنچائز ’ہیرا پھیری‘ کی تیسری فلم ایک بار پھر تنازعات کی زد میں آ گئی ہے۔ معروف ہدایت کار پریا درشن نے تصدیق کی ہے کہ وہ ’ہیرا پھیری 3‘ کی ہدایت کاری نہیں کریں گے۔ پریا درشن نے اس بڑے منصوبے کو چھوڑنے کی اصل اور اندرونی وجوہات بتاتے ہوئے فلم کے پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈوالا پر سنگین الزامات لگائے ہیں۔
پریا درشن نے کہا کہ فیروز ناڈیاڈوالا نے کئی مواقع پر میری شدید توہین کی ہے اور انہوں نے اداکار اکشے کمار سے بھی کہا کہ اگر ’ہیرا پھیری 3‘ بنائیں تو انہیں اس منصوبے کا حصہ نہ بنایا جائے۔
پریا درشن کا کہنا تھا کہ پروڈیوسر نے میری پہلی فلم ’ہیرا پھیری‘ کی برائی کرتے ہوئے یہاں تک کہہ دیا تھا کہ وہ کسی غریب انسان کی فلم لگ رہی تھی اور انہوں نے میری پانچ گھنٹے کی فلم کو خود ایڈٹ کر کے ٹھیک کیا تھا۔
ہدایت کار نے بہت دکھ کے ساتھ کہا کہ وہ صرف اکشے کمار، سنیل شیٹی اور پریش راول کے اصرار پر اس منصوبے سے دوبارہ وابستہ ہوئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے فلم کی کہانی تینوں مرکزی اداکاروں کو سنائی تو وہ بے حد پرجوش تھے اور فلم کو جلد شروع کرنا چاہتے تھے۔
ہدایت کار کا کہنا تھا کہ انہیں یقین تھا کہ اگر انہیں فلم مکمل کرنے کا موقع ملتا تو وہ ’ہیرا پھیری 3‘ کو بھارت کی کامیاب ترین فلمی فرنچائزز میں شامل کر سکتے تھے، بلکہ ان کے بقول یہ فلم ’دھرندھر‘ سے بھی بڑی کامیابی حاصل کر سکتی تھی۔
پریا درشن نے مزید انکشاف کیا کہ فلم کے اعلان کے بعد سیون آرٹس فلمز کی جانب سے انہیں قانونی پیچیدگیوں سے آگاہ کیا گیا۔ ان کے مطابق فلم کے حقوق اور دیگر معاملات پر ایسے تنازعات موجود ہیں جن کی وجہ سے اس منصوبے کو عملی شکل دینا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔
انہوں نے صورتحال کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ ”میری نظر میں ’ہیرا پھیری‘ 2000 میں پیدا ہوئی، ’پھر ہیرا پھیری‘ 2006 میں بیمار ہو گئی اور ’ہیرا پھیری 3‘ شاید مر چکی ہے۔“ یعنی اب یہ کبھی نہیں بن پائے گی اور شائقین شاید راجو، شیام اور بابو بھیا کو دوبارہ کبھی ایک ساتھ نہیں دیکھ سکیں گے۔ تاہم یہ ان کی ذاتی رائے ہے، فلم کی باضابطہ منسوخی کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ ’ہیرا پھیری‘ (2000) اور ’پھر ہیرا پھیری‘ (2006) بولی ووڈ کی کامیاب ترین کامیڈی فلموں میں شمار ہوتی ہیں۔ راجو (اکشے کمار)، شیام (سنیل شیٹی) اور بابوراؤ گنپت راؤ آپٹے (پریش راول) کے کردار آج بھی شائقین میں بے حد مقبول ہیں اور ان پر بننے والے میمز اور مکالمے سوشل میڈیا پر مسلسل وائرل ہوتے رہتے ہیں۔
’ہیرا پھیری 3‘ میں تینوں اداکاروں کی واپسی متوقع تھی، تاہم گزشتہ برس پریش راول کی عارضی علیحدگی، بعد ازاں واپسی اور اب قانونی تنازعات و ہدایت کار کی علیحدگی نے فلم کے مستقبل کو مزید غیر یقینی بنا دیا ہے۔
دوسری جانب پریا درشن نے واضح کیا کہ ان کے اور اکشے کمار کے درمیان پیشہ ورانہ تعلقات اب بھی خوشگوار ہیں اور دونوں ایک نئی کامیڈی فلم کے علاوہ آنے والی فلم ’حیوان‘ پر بھی ایک ساتھ کام کر رہے ہیں، جو رواں سال 11 ستمبر کو ریلیز ہونے کی توقع ہے۔
فلمی تجزیہ کاروں کے مطابق اگر حقوق اور قانونی تنازعات جلد حل نہ ہوئے تو ’ہیرا پھیری 3‘ کی تیاری مزید تاخیر کا شکار ہو سکتی ہے، جبکہ مداح اب بھی پروڈیوسرز کی جانب سے کسی حتمی اور باضابطہ اعلان کے منتظر ہیں۔
















