آیت اللہ خامنہ ای کی نمازِ جنازہ میں 'انتقام' اور 'امریکا مردہ باد' کے نعرے
ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ کے موقع پر دارالحکومت تہران میں ہزاروں سوگوار جمع ہوئے، جہاں انتقام، انتقام اور امریکا مردہ باد کے نعرے بھی سنائی دیے۔
عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق تہران کے گرینڈ مصلیٰ مذہبی کمپلیکس کے وسیع صحن میں بڑی تعداد میں لوگ آیت اللہ خامنہ ای کے جنازے کی آمد کے منتظر تھے۔
اس دوران متعدد سوگواروں نے سرخ جھنڈے اٹھا رکھے تھے، جنہیں ایران میں عام طور پر انتقام اور خون کا بدلہ لینے کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
موقع پر موجود افراد مسلسل امریکا مردہ باد اور انتقام، انتقام کے نعرے لگاتے رہے، جبکہ فضا سوگ اور جذباتی نعروں سے گونجتی رہی۔
اس سے قبل بھی تہران کے مختلف علاقوں میں بڑی تعداد میں شہری نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے گھروں سے نکل آئے تھے۔
صبح کے وقت شہر کے کئی میٹرو اسٹیشنوں کے باہر لوگوں کا ہجوم دیکھا گیا، جہاں ہزاروں افراد تیز رفتار ٹرانسپورٹ سروس کھلنے کا انتظار کر رہے تھے تاکہ وہ بھی جنازے میں شریک ہو سکیں۔
اے ایف پی کے مطابق، نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے آنے والے افراد کی بڑی تعداد گرینڈ مصلیٰ مذہبی کمپلیکس پہنچی، جہاں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
یہ اجتماع ایران کی حالیہ تاریخ کے بڑے عوامی اجتماعات میں شمار کیا جا رہا ہے، جس میں ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے سوگواروں نے شرکت کی اور آیت اللہ خامنہ ای کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ایران کے سرکاری ٹی وی نے اعلان کیا ہے کہ علی خامنہ ای کی چھ روزہ عوامی تدفین کی تقریبات کا آغاز سنیچر کی صبح سے ہو گیا ہے۔













