عامر خان نے اپنی گرل فرینڈ کو بیوی بنالیا

شادی کی تقریب گھر پر سادگی سے کی گئی۔
شائع 05 جولائ 2026 01:18pm

بولی ووڈ کے سپر اسٹار عامر خان اور گوری اسپرٹ نے دو سال سے زائد عرصہ تک ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنے کے بعد شادی کر لی ہے۔

دونوں نے اتوار کے روز ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع عامر خان کی رہائش گاہ پر ایک سادہ اور نجی تقریب میں نکاح کیا۔ اس موقع پر دونوں کے قریبی دوست، خاندان کے افراد اور سابقہ شادیوں سے ہونے والے بچے بھی موجود تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان کے ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ عامر خان اور گوری اسپرٹ اب قانونی طور پر میاں بیوی ہیں۔

شادی کی تقریب سے قبل عامر خان کے بچے آئرا خان اور جنید خان کو تقریب میں پہنچتے دیکھا گیا۔ جبکہ گوری سپرٹ کا چھ سال کا بیٹا بھی اس خوشی میں شریک تھا۔ عامر کے دیرینہ دوست اور فلم ”لگان“ کے ہدایت کار اشوتوش گواریکر بھی تقریب میں شریک ہوئے، جبکہ اداکارہ ایلی آورام بھی اس خوشی کے موقع پر موجود تھیں۔

عامر خان اور گوری اسپرٹ کی محبت کا آغاز 2024 میں ہوا، جب عامر نے اپنی کزن نزہت خان کے ذریعے بنگلورو میں گوری سے دوبارہ رابطہ کیا۔ دونوں کی پہلی ملاقات تقریباً 25 سال پہلے ہوئی تھی۔

2024 میں تعلق شروع ہونے کے بعد دونوں تقریباً ایک سال تک لانگ ڈسٹنس ریلیشن شپ میں رہے۔ بعد ازاں مارچ 2025 میں اپنی 60ویں سالگرہ کے موقع پر عامر خان نے پہلی بار میڈیا کے سامنے گوری کو اپنی ”پارٹنر“ کے طور پر متعارف کرایا۔

عامر خان نے اس وقت کہا تھا، ”میں نے تیسری شادی کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا تھا، لیکن گوری کے ساتھ میں خود کو بہت پُرسکون اور مطمئن محسوس کرتا ہوں۔“

گوری اسپرٹ بھی اپنی سابقہ شادی سے ہونے والے بیٹے کے ساتھ بنگلورو سے ممبئی منتقل ہو گئی تھیں۔ وہ پہلے ایک ہیئر کیئر برانڈ کے ساتھ کام کرتی تھیں، جبکہ اب وہ عامر خان پروڈکشنز کے کاموں میں بھی ان کی مدد کر رہی ہیں۔ گزشتہ ماہ عامر خان پروڈکشنز نے اپنے قیام کے 25 سال مکمل کیے تھے۔

عامر خان اور گوری اسپرٹ گزشتہ ایک سال سے عامر کی رہائش گاہ پر ساتھ رہ رہے تھے۔ گزشتہ ماہ عامر خان نے اعلان کیا تھا کہ دونوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

چند روز قبل فلم ساز راج کمار ہیرانی کی نئی اسٹریمنگ فلم ”پریتم اینڈ پیڈرو“ کے پریمیئر کے دوران بھی عامر نے بتایا تھا کہ شادی رجسٹرڈ ہوگی اور تقریب میں صرف خاندان کے افراد اور قریبی دوست شریک ہوں گے۔

یہ عامر خان کی تیسری شادی ہے۔ ان کی پہلی شادی 1986 میں رینا دتہ سے ہوئی تھی، جن سے ان کے دو بچے جنید خان اور آئرہ خان ہیں۔ آئرا خان کی شادی فٹنس ٹرینر نوپور شکھرے سے ہو چکی ہے۔

رینا دتہ سے 2002 میں علیحدگی کے بعد عامر خان نے 2004 میں فلم ساز کرن راؤ سے تعلق قائم کیا اور 2005 میں دونوں نے شادی کر لی۔ 2011 میں ان کے بیٹے آزاد کی پیدائش ہوئی۔

عامر خان اور کرن راؤ نے 2021 میں علیحدگی اختیار کر لی تھی، تاہم دونوں آج بھی اپنے بیٹے آزاد کی مشترکہ پرورش کر رہے ہیں۔

کرن راؤ اپنی پروڈکشن کمپنی ”کنڈلنگ پروڈکشنز“ چلاتی ہیں اور ساتھ ہی عامر خان پروڈکشنز کے بورڈ کی رکن بھی ہیں۔ ان کی فلم ”لاپتا لیڈیز“ کو کنڈلنگ پروڈکشنز اور عامر خان پروڈکشنز نے مشترکہ طور پر پروڈیوس کیا تھا۔

اس کے علاوہ عامر خان، کرن راؤ اور رینا دتہ سماجی تنظیم ”پانی فاؤنڈیشن“ میں بھی ایک ساتھ کام کر رہے ہیں۔

عامر خان پیشہ ورانہ محاذ پر بھی متحرک ہیں۔ 2022 میں فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کے بعد انہوں نے گزشتہ سال فلم ’ستارے زمین پر‘ اور ’ہیپی پٹیل: خطرناک جاسوس‘ میں اپنے کرداروں سے اسکرین پر واپسی کی تھی۔