امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم انتقال کر گئے
امریکا کی ریاست جنوبی کیرولائنا سے تعلق رکھنے والے سینئر ریپبلکن رہنما اور امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وہ مختصر اور اچانک علالت کے بعد ہفتہ کی شام انتقال کر گئے، جبکہ اہل خانہ نے عوام سے دعاؤں اور نجی زندگی کے احترام کی اپیل کی ہے۔
سینیٹر لنڈسے گراہم کے دفتر نے اتوار کو جاری بیان میں ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ 11 جولائی کی شام مختصر اور اچانک بیماری کے باعث دنیا سے رخصت ہوئے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس مشکل گھڑی میں اہل خانہ عوام سے دعاؤں کی درخواست کرتے ہیں اور ان کی نجی زندگی کا احترام کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔
لنڈسے گراہم کا شمار امریکی ریپبلکن پارٹی کے بااثر رہنماؤں میں ہوتا تھا۔ وہ 2003 سے امریکی سینیٹ میں ریاست جنوبی کیرولائنا کی نمائندگی کر رہے تھے اور اس سے قبل امریکی ایوانِ نمائندگان کے رکن بھی رہ چکے تھے۔
Statement from the Office of U.S. Senator Lindsey Graham (R-South Carolina). pic.twitter.com/CQ5yVvqTH1
— Lindsey Graham (@LindseyGrahamSC) July 12, 2026
قومی سلامتی، دفاع اور خارجہ پالیسی کے معاملات پر ان کی رائے کو امریکی سیاسی حلقوں میں خاص اہمیت حاصل تھی۔ وہ امریکی فضائیہ کے ریزرو افسر بھی رہے اور فوجی امور پر گہری مہارت رکھتے تھے۔
اپنے طویل سیاسی کیریئر کے دوران انہوں نے عراق، افغانستان، یوکرین اور مشرق وسطیٰ سے متعلق امریکی پالیسیوں میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ سینیٹ کی متعدد اہم کمیٹیوں کے رکن کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔
لنڈسے گراہم نے 2016 میں ریپبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار بننے کی کوشش بھی کی، تاہم بعد ازاں وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی سیاسی اتحادیوں میں شامل ہوگئے اور ان کی متعدد داخلی اور خارجہ پالیسیوں کی بھرپور حمایت کرتے رہے۔
ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد امریکی سیاسی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ مختلف سیاسی رہنماؤں، سینیٹرز اور اراکین کانگریس نے ان کی عوامی خدمات، عسکری پس منظر اور طویل پارلیمانی کردار کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی وفات کو امریکی سیاست کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا۔
سینیٹر لنڈسے گراہم کی بیماری کی نوعیت یا وفات کی مزید وجوہات کے بارے میں فی الحال کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی، جبکہ آخری رسومات اور تدفین سے متعلق اعلان بعد میں متوقع ہے۔














