شکیرا کا ایمباپے سے متعلق راز کا انکشاف
کولمبیا کی عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ شکیرا نے فرانس کے اسٹار فٹبالر اور قومی ٹیم کے کپتان کلیان ایمباپے سے متعلق ایک دلچسپ راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کے گانے ”دائی دائی“ کی میوزک ویڈیو میں حصہ لینے کے لیے سب سے پہلے رضامندی ظاہر کرنے والے فٹبالر ایمباپے تھے۔
یہ انکشاف فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوارٹر فائنل میں فرانس کی مراکش کے خلاف 0-2 کی کامیابی کے بعد سامنے آیا۔ بوسٹن کے جیلیٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کلیان ایمباپے نے ایک گول کیا اور عثمان ڈیمبیلے کے گول میں معاونت فراہم کی، جس پر انہیں ”مین آف دی میچ“ قرار دیا گیا۔
میچ سے قبل شکیرا نے ایک خصوصی پیغام میں ایمباپے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا، ”کیا آپ جانتے ہیں کہ میرے گانے ’دائی دائی‘ کی ویڈیو میں شامل ہونے کے لیے سب سے پہلے کلیان ایمباپے نے ہاں کی تھی؟ کلیان، میں اس محبت اور تعاون کے لیے ہمیشہ آپ کی شکر گزار رہوں گی۔ بہت بہت شکریہ۔“
شکیرا نے بتایا کہ ایمباپے نے میوزک ویڈیو کے آغاز میں ”ہم تیار ہیں“ کا مشہور جملہ استعمال کرنے کی بھی اجازت دی، جو فیفا ورلڈ کپ 2026 کی تشہیری مہم کا حصہ تھا۔
گلوکارہ کے مطابق اس میوزک ویڈیو میں دنیا کے کئی معروف فٹبالرز نے بھی ان کی دعوت قبول کی، جن میں انگلینڈ کے ہیری کین، ارجنٹینا کے لیونل میسی، جرمنی کے جمال موسیالا، کولمبیا کے لوئس ڈیاز اور برازیل کے وینیسیئس جونیئر شامل ہیں۔ ان تمام ستاروں کی موجودگی نے ویڈیو کو شائقین کے لیے مزید یادگار بنا دیا۔
فرانس اور مراکش کے درمیان کھیلے گئے میچ کے دوران شکیرا اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ اسٹیڈیم میں موجود تھیں اور انہوں نے فرانسیسی ٹیم کے کپتان کے والد ولفریڈ ایمباپے سے بھی ملاقات کی۔ بعد ازاں انہوں نے ان کے ساتھ لی گئی سیلفی سوشل میڈیا پر ”مسٹر ایمباپے کے ساتھ“ کے عنوان سے شیئر کی، جسے مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا گیا۔

شکیرا کا یہ انکشاف سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جہاں مداح میوزک اور فٹبال کی اس منفرد شراکت داری کو دلچسپ قرار دے رہے ہیں۔
















