بلوچستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن شعبان جاری، 7 دہشت گرد ہلاک
پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) اور بلوچستان پولیس کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن ”شعبان“ کامیابی سے جاری ہے۔ تازہ کارروائیوں کے دوران مزید 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے جب کہ آج کیے جانے والے 2 آپریشن میں ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں جاری مشترکہ آپریشن شعبان کے دوران پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں فضائی اور زمینی کارروائیاں کیں۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو ہوائی اور زمینی کارروائیوں میں نشانہ بنایا جارہا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں کے خلاف آج مختلف علاقوں میں کی جانے والی 2 کارروائیوں کے دوران مزید 7 دہشت گر مارے گئے۔ پہلی کارروائی کے دوران 3 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جو مختلف دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ اسی طرح سران ٹنگی میں دوسری تازہ کارروائی کے دوران مزید 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن شعبان کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 71 ہوچکی ہے جب کہ 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 109 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضےسے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا، برآمد اسلحے میں ایم فور رائفل، ایس ایم جیز، راکٹ لانچر، موبائل فونز اور دیگر سامان بھی شامل ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن شعبان جاری رہے گا جب کہ سیکیورٹی فورسز ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھیں گی۔
اگر اس پورے آپریشن کے پس منظر پر نظر ڈالی جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ یہ کارروائی جولائی 2026 کے بالکل آغاز میں بلوچستان کے ضلع زیارت میں پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے کے بعد شروع کی گئی تھی۔
وہاں واقع مانگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں نے ایک بڑا حملہ کیا تھا، جس میں نو بہادر پولیس اہلکار شہید ہو گئے تھے، اس حملے کے فوراً بعد حکومت اور سیکیورٹی اداروں نے امن دشمنوں کے پورے نیٹ ورک اور ان کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
اسی فیصلے کے تحت پاک فوج، ایف سی اور بلوچستان پولیس نے مل کر یہ مشترکہ محاذ سنبھالا ہے، جس کا بنیادی مقصد علاقے میں کالعدم تنظیموں اور عسکریت پسندوں کا مکمل صفایا کر کے عوام کی جان و مال کو محفوظ بنانا اور امن قائم کرنا ہے۔
وزیرِداخلہ سیکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو سراہا
وفاقی وزیرِداخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں جاری آپریشن شعبان میں مزید دہشت گروں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی کامیابیوں کو سراہا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے بہادر سپوتوں کو سلام، پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کی مشترکہ کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہیں، آپریشن شعبان میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ دہشت گرد عناصر کے لیے پاکستان کی سرزمین پر کوئی جگہ نہیں، قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے، دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری ہیں اور جاری رہیں گی۔

















