بنکاک کے بار میں آتشزدگی؛ 27 افراد ہلاک 63 زخمی

بریکر سے دھواں اٹھنے کے بعد بجلی بند ہوئی اور پھر دھماکا ہوگیا، واقعے کی تحقیقات شروع۔
اپ ڈیٹ 13 جولائ 2026 09:48am

تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں ایک بار میں لگنے والی خوفناک آگ کے نتیجے میں کم از کم 27 افراد ہلاک اور 63 زخمی ہوگئے، جبکہ متعدد افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ تھائی وزیراعظم نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ سے قبل سرکٹ بریکر سے دھواں اٹھا، پھر بجلی منقطع ہوئی اور اس کے بعد دھماکا ہوگیا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق بینکاک میں واقع ایک بار میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

تھائی وزیراعظم نے واقعے میں 27 افراد کے ہلاک اور 63 کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آگ لگنے سے قبل اسٹیج کے قریب نصب سرکٹ بریکر سے دھواں اٹھا، جس کے بعد بجلی بند ہوگئی اور پھر زور دار دھماکا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے کے بعد بار میں موجود زیادہ تر افراد جان بچانے کے لیے عمارت کے پچھلے حصے کی جانب بھاگے، تاہم وہاں باہر نکلنے کا کوئی راستہ موجود نہیں تھا، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔

ریسکیو اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو عمارت سے بحفاظت باہر نکال لیا، جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔

حکام کے مطابق کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، تاہم آتشزدگی کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔

پولیس اور متعلقہ اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ آگ لگنے کی وجوہات اور ممکنہ غفلت کا تعین کیا جا سکے۔