کراچی سے نجی ایئرلائن ساؤتھ ایئر کی اندرونِ ملک پروازوں کا باقاعدہ آغاز

علاقائی فضائی روابط مضبوط بنانے کے لیے ساؤتھ ایئر مزید شہروں تک اپنا نیٹ ورک پھیلائے گی۔
شائع 16 جولائ 2026 06:27pm

پاکستان کی نجی علاقائی ایئرلائن ساؤتھ ایئر نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اندرونِ ملک باقاعدہ پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق نئی پروازوں سے ملک میں فضائی رابطوں اور سفری سہولتوں میں مزید بہتری آئے گی۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق کراچی میں قائم نجی علاقائی ایئرلائن ساؤتھ ایئر نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اندرونِ ملک شیڈول پروازوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

ایئرلائن نے ابتدائی مرحلے میں کراچی، تربت، کوئٹہ اور کراچی، بہاولپور، اسلام آباد روٹس پر پروازیں شروع کی ہیں۔ افتتاحی پروازیں جمعرات کی صبح کراچی سے تربت اور بہاولپور کے لیے روانہ ہوئیں۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ نئی فضائی سروس سے ملک کے مختلف شہروں کے درمیان رابطے بہتر ہوں گے اور مسافروں کو سفر کی مزید سہولتیں میسر آئیں گی۔ ابتدائی طور پر ساؤتھ ایئر تربت کے لیے ہفتہ وار ایک جبکہ بہاولپور کے لیے ہفتے میں تین پروازیں چلائے گی۔

ایئرلائن نے مستقبل قریب میں پشاور، رحیم یار خان، سکھر اور گوادر کے لیے بھی پروازیں شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ مزید شہروں کو قومی فضائی نیٹ ورک سے جوڑا جا سکے۔

ساؤتھ ایئر کو سیاحت کے فروغ اور علاقائی انضمام کے لائسنس کے تحت آپریشن کی اجازت دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق نئی پروازیں سیاحت، تجارت اور علاقائی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔

ایئرلائن اپنی سروس کا آغاز جدید اے ٹی آر 72-600 طیاروں سے کر رہی ہے، جو کم فاصلے اور درمیانے درجے کی پروازوں کے لیے ایندھن کی بچت، بہتر کارکردگی اور عالمی حفاظتی معیار پر پورا اترنے کے باعث دنیا بھر میں استعمال کیے جاتے ہیں۔

ساؤتھ ایئر کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نشاط فاطمہ نے کہا کہ کمپنی مستقبل میں اپنے فضائی بیڑے اور روٹس میں مزید توسیع کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ ملک کے زیادہ سے زیادہ شہر جدید فضائی سہولتوں سے مستفید ہو سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ساؤتھ ایئر کا قیام صرف ایک نئی ایئرلائن کا اضافہ نہیں بل کہ پاکستان کے فضائی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کی قومی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایئرلائن کا عزم محفوظ، بروقت اور معیاری سفری سہولتیں فراہم کرنا اور ایسے علاقوں کو قومی فضائی نیٹ ورک سے جوڑنا ہے جہاں فضائی خدمات محدود رہی ہیں۔بڑھانے کا منصوبہ بھی سامنے آگیا۔