بلوچستان میں 'آپریشن شعبان' جاری، ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 91 ہوگئی

بلوچستان میں 5 جولائی سے اب تک مختلف آپریشنز میں مجموعی طور پر 129 دہشت گرد ہلاک ہوچکے ہیں: سیکیورٹی ذرائع
شائع 16 جولائ 2026 06:17pm

بلوچستان میں پاک فوج، فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) اور پولیس کا فتنۃُ الخوارج کے خلاف مشترکہ ’آپریشن شعبان‘ جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس آپریشن کے نتیجے میں ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 91 ہوگئی ہے۔

بلوچستان میں فتنۃُ الخوارج کے خلاف جاری ’آپریشن شعبان‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں۔ پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے اس مشترکہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں اور کمین گاہوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تازہ کارروائیوں میں مزید 3 خارجیوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ’آپریشن شعبان‘ کے دوران اب تک مارے جانے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 91 ہو گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کارروائیوں میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے اب تک آپریشن شعبان سمیت مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 129 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک ان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن شعبان بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔