خیبرپختونخوا سمیت پنجاب میں 19 سے 23 جولائی تک شدید بارشوں کا الرٹ جاری

لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتِ حال کا خدشہ : پی ڈی ایم اے
شائع 17 جولائ 2026 03:31pm

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے خیبرپختونخوا سمیت بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کا الرٹ جاری کردیا ہے، جبکہ بعض علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتِ حال کا خدشہ بھی ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا میں 19 سے 23 جولائی تک شدید بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

ادارے کے مطابق پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان اور صوابی سمیت مختلف میدانی اضلاع میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے، جبکہ سوات اور ایبٹ آباد میں بھی شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

موسم کی موجودہ صورتِ حال کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے، تاہم میدانی علاقوں میں حبس اور گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔ ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژن کے بعض علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 53 فیصد رہا۔ چترال میں درجہ حرارت 20، دیر میں 22، مالم جبہ میں 24، سیدوشریف میں 27، بنوں میں 34، ڈی آئی خان میں 33 جبکہ ایبٹ آباد میں 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ملک کے دیگر علاقوں، کشمیر میں 18 سے 25 جولائی کے دوران وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں 19 سے 23 جولائی جبکہ پنجاب میں 20 سے 24 جولائی کے دوران بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان میں 18 سے 25 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں 19 سے 23 جولائی جبکہ تھرپارکر میں 20 سے 24 جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ سندھ کے بیشتر علاقوں میں گرمی اور حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔

بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اورطغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ہری پور میں مون سون بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث تربیلہ ڈیم میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق تربیلہ ڈیم میں پانی کی سطح 1505.11 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔

پانی کے بہاؤ میں اضافے کے پیش نظر تربیلہ ڈیم کے اسپل ویز آج صبح 11 بجے کھول دیے گئے ہیں۔ اسپل ویز کھلنے کے بعد تربیلہ ڈیم سے پانی کا اخراج 2 لاکھ 20 ہزار سے 2 لاکھ 30 ہزار کیوسک تک امکان ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر غازی جنید آفتاب نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دریا کے کناروں کا رخ نہ کریں، جبکہ دریا میں نہانے، کشتی رانی اور ماہی گیری سے بھی گریز کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔