مال گاڑی کو حادثہ؛ کراچی سے پنجاب جانے والی تمام ٹرینیں معطل
سندھ میں مٹیاری اور ٹنڈو آدم کے نزدیک واقع وہاب شاہ ریلوے اسٹیشن پر ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے، جہاں ایک مال گاڑی کی 17 سے زائد بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں۔ اس حادثے کے نتیجے میں اپ اور ڈاؤن دونوں ریلوے ٹریکس کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث کراچی سے پنجاب آنے اور جانے والی تمام ٹرینوں کی آمد و رفت مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر کارروائی شروع کر دی اور مختلف سمتوں سے آنے والی مسافر ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنز پر روک دیا گیا۔
اس حادثے کے بعد انتظامیہ نے مسافروں کی حفاظت اور ٹریک کی مرمت کے لیے ہنگامی اقدامات کیے۔
حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پر پہنچنے والی قراقرم ایکسپریس کو خالی کرا کر مسافروں کو نیچے اتار لیا گیا، جبکہ علامہ اقبال ایکسپریس کو کوٹری، پاکستان ایکسپریس کو لانڈھی، تیزگام ایکسپریس کو ڈرگ روڈ اور ملت و فرید ایکسپریس کو کراچی کینٹ اسٹیشن پر روک لیا گیا۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹریکس کو پہنچنے والے شدید نقصان کی وجہ سے ریلوے آپریشن اگلے 24 گھنٹوں تک معطل رہنے کا امکان ہے، اور اسی بنیاد پر کل تک کے لیے تمام متعلقہ ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
حادثے کی تفصیلات اور بحالی کے کاموں کے حوالے سے ڈی ایس ریلوے سکھر فرمان غنی نے بتایا کہ حادثے کے بعد تمام ٹرینوں کو مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر روک دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ”روہڑی سے روانہ ہونے والی ریلیف ٹرین رات 10 بجے تک جائے حادثہ پہنچے گی، جبکہ کوٹری سے بھی ریلیف ٹرین روانہ کر دی گئی ہے“۔
ان کا کہنا تھا کہ حادثے میں ریلوے ٹریک کا بڑا حصہ متاثر ہوا ہے جس کی بحالی میں وقت لگے گا، تاہم دونوں ٹریکس کو جلد از جلد صاف کر کے معطل ریلوے آپریشن بحال کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔
اس کے علاوہ ڈی ایس ریلوے سکھر نے یہ بھی بتایا کہ جیکب آباد سے کراچی جانے والی سکھر ایکسپریس کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔
ریلوے انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کی سہولت کے لیے ریفنڈ کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
ڈی سی او ریلویز کراچی اور پاکستان ریلویز کراچی ڈویژن کے مطابق حادثے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ٹریک کی بحالی میں کل تک کا وقت لگ سکتا ہے۔
پاکستان ریلویز کراچی ڈویژن نے واضح کیا ہے کہ کراچی ڈویژن اپنی حدود کے ان تمام مسافروں کو ٹکٹوں کے پیسے مکمل طور پر ریفنڈ کرے گا جو اس حادثے اور ٹرینوں کی منسوخی کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔














